اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی امدادی کارکنوں کی غیر قانونی حراست اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی ایک اور کھلی خلاف ورزی ہے۔جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ فلوٹیلا 40 سے زائد سویلین جہازوں پر مشتمل تھا، جس میں …
پاکستان کی اسرائیل کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے کی شدید مذمت،اقدام جنیوا کنونشن کے تحت عائد ذمہ داریوں کی سنگین خلاف ورزی ہے،ترجمان دفتر خارجہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی امدادی کارکنوں کی غیر قانونی حراست اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی ایک اور کھلی خلاف ورزی ہے۔جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یہ فلوٹیلا 40 سے زائد سویلین جہازوں پر مشتمل تھا، جس میں تقریباً 500 بین الاقوامی امدادی کارکنان سوار تھے جو غزہ کے محصور عوام تک نہایت ضروری انسانی امداد پہنچانے کے لیے جا رہے تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی کارکنان کی غیر قانونی حراست اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین اور انسانی قوانین کی ایک اور کھلی خلاف ورزی ہے، جس کے باعث بے گناہ شہریوں کی جانیں خطرے میں ہیں۔ یہ اقدام اسرائیل کی جارحانہ پالیسی اور غزہ کی غیر قانونی ناکہ بندی کا تسلسل ہے، جس کے باعث دو ملین سےزیادہ فلسطینی عوام شدید مشکلات اور محرومیوں کا شکار ہیں۔
انسانی امداد کو روکنا اسرائیل کی طرف سے چوتھے جنیوا کنونشن کے تحت عائد ذمہ داریوں کی سنگین خلاف ورزی ہے،بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایک بار پھر مطالبہ کرتا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کی جائے، غزہ کی غیر قانونی ناکہ بندی ختم کی جائے، فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی یقینی بنائی جائے، فلوٹیلا پر سوار تمام افراد کو انسانی ہمدردی کے تحت فی الفور رہا کیا جائے اور اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر جواب دہ بنایا جائے۔
پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا تاکہ وہ اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کو حاصل کر سکیں اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر قائم ایک آزاد، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست قائم ہو، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔








