پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے چھٹے اجلاس کا انعقاد کاسا۔1000 منصوبے کو جلد عملی شکل دینے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور تاجکستان نے علاقائی ٹرانسپورٹ راہداریوں کی اہمیت کو اجاگر اور CASA-1000 منصوبے کی جلد عملی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت (BPC) کا چھٹا اجلاس 29-30 ستمبر 2025 کو دوشنبے میں منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ …

اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور تاجکستان نے علاقائی ٹرانسپورٹ راہداریوں کی اہمیت کو اجاگر اور CASA-1000 منصوبے کی جلد عملی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت (BPC) کا چھٹا اجلاس 29-30 ستمبر 2025 کو دوشنبے میں منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (مغربی ایشیا و افغانستان) سید علی اسد گیلانی نے کی، جبکہ تاجکستان کی جانب سے نائب وزیر خارجہ فاروخ شریف زادہ نے اجلاس کی سربراہی کی۔

اجلاس میں دوطرفہ تعلقات کے وسیع دائرہ کار پر گفتگو ہوئی، جن میں سیاسی و پارلیمانی روابط، تجارت و سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی، توانائی، روابط (کنیکٹیوٹی)، ثقافتی و تعلیمی تبادلے، کثیرالجہتی تعاون اور قونصلر امور شامل تھے۔دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ اعلیٰ سطح کے دورے شراکت داری کو نئی قوت اور سمت فراہم کرتے ہیں۔

اجلاس میں تجارت کے فروغ کے امکانات پر بھی غور کیا گیا، خاص طور پر ٹیکسٹائل، لاجسٹکس، زراعت و خوراک اور دواسازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقین نے علاقائی ٹرانسپورٹ راہداریوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور CASA-1000 منصوبے کی جلد عملی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا، جو علاقائی انضمام اور توانائی کے تحفظ کو مستحکم کرنے میں معاون ہے۔دفاع اور سلامتی کے تعاون پر بھی جائزہ لیا گیا، جس میں انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات، تربیتی پروگرامز اور وفود کے تبادلے پر بات چیت شامل تھی۔

دونوں ممالک نے خطے اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا، جن میں جنوبی ایشیا کی صورتِ حال اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال شامل تھی۔ دونوں فریقین نے تنازعات کے حل کے لیے سفارتکاری اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی پاسداری پر زور دیا۔یہ مشاورت دوستانہ اور تعمیری ماحول میں ہوئی۔ دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دو طرفہ سیاسی مشاورت کا ساتواں اجلاس 2026 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

دورے کے دوران، ایڈیشنل سیکرٹری نے نائب وزیر برائے ٹرانسپورٹ، نائب وزیر برائے اقتصادی ترقی و تجارت، اور انسٹیٹیوٹ برائے تربیتِ سفارتکاران کے ڈائریکٹر سے بھی ملاقاتیں کیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے پنج فری اکنامک زون (FEZ) اور پنج پایون کے کمرشل کسٹمز فیسلٹی کا بھی دورہ کیا۔

مزید خبریں