اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں تعینات روس کے سفیر البرٹ خوریف نے کہا ہے کہ روسی زبان سیکھنا نہ صرف تعلیمی ترقی کا ذریعہ ہے بلکہ یہ روزگار اور کیریئر کے بے شمار نئے دروازے بھی کھولتی ہے۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں روسی زبان کے تیسرے اور چوتھے بیچ کے طلباء کو اسناد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ پاکستانی جوانوں کے لئے …
پاکستانی جوانوں کے لئے روس میں شاندار مواقع موجود ہیں،روسی زبان کاسیکھنا تعلیمی ترقی، روزگار اور کیریئر کے بے شمار نئے دروازے کھولتا ہے، روس کے سفیر البرٹ خوریف کا اوپن یونیورسٹی میں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں تعینات روس کے سفیر البرٹ خوریف نے کہا ہے کہ روسی زبان سیکھنا نہ صرف تعلیمی ترقی کا ذریعہ ہے بلکہ یہ روزگار اور کیریئر کے بے شمار نئے دروازے بھی کھولتی ہے۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں روسی زبان کے تیسرے اور چوتھے بیچ کے طلباء کو اسناد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ پاکستانی جوانوں کے لئے روس میں شاندار مواقع موجود ہیں،آج ہی روسی زبان سیکھنا شروع کریں تاکہ آپ روس میں اپنے مستقبل کو روشن اور کامیاب بنا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں روسی زبان کا مرکز دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔تقریب کا با قاعدہ آغاز رجسٹرار راجہ عمر یونس کے خوش آمدیدی اور تعارفی کلمات سے ہوا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی بین الاقوامی تعاون کو خاص اہمیت دیتی ہے اور روسی زبان کے کورس کی کامیابی اس عزم کی واضح عکاس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے ذریعے پاکستان اور روس کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ ڈاکٹر ناصر محمود نے بتایا کہ پاکستانی طلبہ روس میں اعلیٰ تعلیم میں دلچسپی رکھتے ہیں اور زبان سیکھنے کے لیے ہمارے پاس آتے ہیں، ہم انہیں تربیت فراہم کرتے ہیں جس کے نتیجے میں وہ اپنی تعلیمی منزل باآسانی حاصل کر لیتے ہیں۔
اسلام آباد میں روسی سفارتخانے کی تعلیم و ثقافت کی سیکرٹری الینا کولینکووا نے اوپن یونیورسٹی میں روسی زبان کے مرکز کو دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات اور ثقافتی تبادلے کے فروغ میں ایک اہم قدم قرار دیا۔
روسی زبان کی انسٹرکٹر ایکسٹرینا اینڈریٹس نے کورس کی کامیابیوں اور اہم پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔انٹرنیشنل کولیبریشن اینڈ ایکسچینج کے ڈائریکٹر ڈاکٹرزاہد مجید نے یونیورسٹی کے پروفائل اور وزارت تعلیم، روسی فیڈریشن کے ساتھ تعاون پر مختصر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعلیمی شراکت داری دونوں ممالک کے طلبہ کے لیے علمی مواقع فراہم کرنے اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے یونیورسٹی میں 2023ء میں روسی زبان و ثقافت کا مرکز قائم کیا تھا اور آج ہم تیسرے اور چوتھے بیچ کے28 گریجویٹس کو اسناد فراہم کر رہے ہیں۔تقریب کے آخر میں طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں اور تمام شرکا نے اس کامیاب پروگرام کو دونوں ممالک کے تعلیمی تعلقات میں ایک مثبت قدم قرار دیا۔








