سلامتی کونسل میں جنگ بندی اور انسانی امداد سے متعلق قرارداد پر امریکا کا ویٹو افسوسناک ،غزہ میں تباہی کی صورتحال ہے،پاکستان

اقوام متحدہ ۔2اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے غزہ میں جاری تباہی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ ماہ سلامتی کونسل میں جنگ بندی اور انسانی امداد سے متعلق قرارداد پر امریکا کے ویٹو کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاکھوں بے گناہ انسانوں کو ان کے المناک مقدر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ پاکستان کے مستقل مندوب سفیرعاصم افتخار احمد نے جنرل …

اقوام متحدہ ۔2اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے غزہ میں جاری تباہی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ ماہ سلامتی کونسل میں جنگ بندی اور انسانی امداد سے متعلق قرارداد پر امریکا کے ویٹو کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاکھوں بے گناہ انسانوں کو ان کے المناک مقدر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

پاکستان کے مستقل مندوب سفیرعاصم افتخار احمد نے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اب امن کو مزید مؤخر نہیں کیا جا سکتا۔ عاصم افتخار احمد نے کہاکہ امریکی ویٹو نے لاکھوں بے گناہ انسانوں کو ان کے المناک مقدر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے ڈنمارک کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد کو سراہا جو سلامتی کونسل کے دس منتخب ارکان کی نمائندگی میں پیش کی گئی تھی جن میں پاکستان، الجزائر، یونان، گویانا، پاناما، جنوبی کوریا، سیرا لیون، سلووینیا، صومالیہ اور ڈنمارک شامل ہیں۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ غزہ تباہ ہو چکا ہے،اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں نے غزہ کو ملبے میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور خاندان ملبے تلے اپنے بچوں کی تلاش میں بے بس ہیں، فاقہ کشی ہر گلی میں دستک دے رہی ہے جبکہ قحط خان یونس اور دیر البلح کو اپنی لپیٹ میں لینے کو ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 66,000 سے زائد فلسطینی جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے، شہید ہو چکے ہیں، غزہ میں ہسپتال، سکول اور رہائشی علاقے جان بوجھ کر نشانہ بنائے گئے ہیں۔انہوں نے واضح کیاکہ یہ جنگ نہیں بلکہ ایک قوم کے مستقبل کو مٹانے کی کوشش ہے اور قابض طاقت اسرائیل کو مکمل طور پر جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔

پاکستانی مندوب نے اس موقع پر اس امر کی بھی نشاندہی کی کہ عالمی برادری کی جانب سے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کی آوازیں تیز ہو چکی ہیں اور حالیہ دنوں میں دو ریاستی حل پر مبنی امن کانفرنسز اور مشاورت امید کی کرن ثابت ہو سکتی ہے،غزہ میں تباہی کے درمیان ضمیر کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کردہ امن منصوبے کو بھی قابل توجہ قرار دیا جسے عرب اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے کئی اہم ممالک کی حمایت حاصل ہے۔

مشترکہ بیان میں اردن، یو اے ای، انڈونیشیا، پاکستان، ترکی، سعودی عرب، قطر اور مصر نے اس منصوبے کا خیر مقدم کیا۔پاکستانی مندوب نے اختتام پر کہا کہ فلسطینی قوم اپنے مقدر کی خود مالک ہے اور اس مقدر کا مطلب آزادی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا، ہم انصاف کے متلاشیوں کا ساتھ دیں گے اور امن کے خواہاں تمام فریقین کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے

مزید خبریں