لاہور۔3اکتوبر (اے پی پی):ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں سیلاب متاثرہ علاقوںکی بحالی سے متعلق اہم اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا، جس میں اربن یونٹ، پی آئی ٹی بی، پیلرا، نادرا، بینک آف پنجاب اور دیگر محکموں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کیمطابق27 اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت …
ریلیف کمشنر پنجاب کی زیر صدارت سیلاب بحالی سروے بارے جائزہ اجلاس

مزید خبریں
لاہور۔3اکتوبر (اے پی پی):ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں سیلاب متاثرہ علاقوںکی بحالی سے متعلق اہم اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا، جس میں اربن یونٹ، پی آئی ٹی بی، پیلرا، نادرا، بینک آف پنجاب اور دیگر محکموں کے نمائندگان شریک ہوئے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کیمطابق27 اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر جاری سیلاب بحالی سروے میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اجلاس کو بتایا کہ متاثرہ اضلاع میں بلا تعطل سروے جاری ہے اور اب تک 81 ہزار 510 متاثرین کی تفصیلات جمع کرلی گئی ہیں۔
سروے ٹیموں نے 53 ہزار 985 ایکڑ سیلاب زدہ اراضی، 24 ہزار 246 متاثرہ مکانات اور 3 ہزار 945 ہلاک مویشیوں کے اعدادوشمار حاصل کیے ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے متاثرین کی مالی معاونت کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ اجلاس میں ٹوبہ ٹیک سنگھ اور اوکاڑہ میں سروے 26 فیصد مکمل ہونے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو شاباش دی گئی جبکہ ملتان کے لیے سروے ٹیموں کی تعداد بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے پی ڈی ایم اے اور اربن یونٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مالی معاونت کا عمل بروقت مکمل کیا جائے گا، انہوں نے واضح کیا کہ خود ساختہ گھر گرانے والوں کو کسی قسم کی امداد نہیں دی جائے گی اور معاونت قومی شناختی کارڈز کی تصدیق کے بغیر فراہم نہیں کی جائے گی۔








