نیدرلینڈز میں فلسطینیوں کی حمایت میں لاکھوں افراد کا مارچ، اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ

ایمسٹرڈیم۔6اکتوبر (اے پی پی):نیدرلینڈز میں فلسطینی شہریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے سب سے بڑا مارچ کیا گیا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی اور اپنی حکومت سے غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لئے سخت مؤقف اپنانے کا مطالبہ کیا۔ اردو نیوز کے مطابق گزشتہ روز ایک اندازے کے مطابق اڑھائی لاکھ افراد نے نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم کی سڑکوں پر غزہ کے شہریوں کے حق میں ریلی …

ایمسٹرڈیم۔6اکتوبر (اے پی پی):نیدرلینڈز میں فلسطینی شہریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے سب سے بڑا مارچ کیا گیا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی اور اپنی حکومت سے غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لئے سخت مؤقف اپنانے کا مطالبہ کیا۔ اردو نیوز کے مطابق گزشتہ روز ایک اندازے کے مطابق اڑھائی لاکھ افراد نے نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم کی سڑکوں پر غزہ کے شہریوں کے حق میں ریلی نکالی اور اسرائیل سے جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے نیدرلینڈز کی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ غزہ میں نسل کشی روکنے کے لیے کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے اسرائیل پر فوری سیاسی، معاشی اور سفارتی پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔

مارچ کے منتظمین نے اس کو ریڈ لائن کا نام دیا کیونکہ تمام سُرخ لکیریں پار کی جا چکی ہیں اور نیدرلینڈز کو ہر صورت حقائق کا سامنا کرنا ہوگا اور اب اس سے مزید نظریں نہیں چرائی جا سکتیں۔ یہ نیدرلینڈز میں فلسطین کی حمایت میں نکالی جانے والی سب سے بڑی ریلی تھی۔ اس سے قبل ملک کے سیاسی دارالحکومت سمجھے جانے والے شہر دی ہیگ میں بھی دو ریلیاں نکالی گئی تھیں۔ گزشتہ روز ریلی کے لئے ایمنسٹی انٹرنیشنل، ڈاکٹرز آف غزہ اور سیو دی چلڈرن سمیت 134 تنظیموں نے اشتراک کیا۔ اختتام ہفتہ یورپ کے کئی بڑے شہروں میں فلسطینیوں کی حمایت میں ریلیاں نکالی گئی تاہم ایمسٹرڈیم میں یہ اس حوالے سے اہمیت کی حامل کی ہے کہ ملک میں رواں ماہ کے اختتام پر عام انتخابات منعقد کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم ڈک شوف کا کہنا ہے کہ اُن کی حکومت مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لئے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ جنگ بندی قریب ہے جس کے لئے صدر ٹرمپ کے امن منصوبے پر اُن کے شکرگزار ہیں۔ نیدرلینڈز کے وزیراعظم نے جنگ بندی کے لئے ثالثی کی کوششوں پر قطر اور مصر کا بھی شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں