پاکستان اور سعودی عرب ایمان، اخوت اور باہمی اعتماد کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، سردار محمد یوسف

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):پاکستان -سعودی عرب پارلیمانی فرینڈشپ گروپ (پی ایف جی) کا اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور پاکستان -سعودی عرب پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے کنوینئر سردار محمد یوسف نے کی۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سعودی وفد کی قیادت انجینئر خالد عبداللہ البریك نے کی جن کے ہمراہ احمد عبدالرحمٰن، ڈاکٹر ابتسام …

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):پاکستان -سعودی عرب پارلیمانی فرینڈشپ گروپ (پی ایف جی) کا اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور پاکستان -سعودی عرب پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے کنوینئر سردار محمد یوسف نے کی۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سعودی وفد کی قیادت انجینئر خالد عبداللہ البریك نے کی جن کے ہمراہ احمد عبدالرحمٰن، ڈاکٹر ابتسام عبداللہ الجبیر اور شوریٰ کونسل کے سینئر حکام موجود تھے۔

اجلاس میں قومی اسمبلی کے اراکین مجاہد علی، سید حفیظ الدین، زیب جعفر، سحر کامران، شگفتہ جمانی اور محمد عثمان بادینی نے شرکت کی۔اپنے ابتدائی کلمات میں سردار محمد یوسف نے سعودی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اخوت، باہمی اعتماد اور گہرے تعلقات کا مظہر ہے جنہیں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی بصیرت افروز قیادت میں مزید وسعت حاصل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام مملکت سعودی عرب کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور دونوں ممالک ایمان، اخوت اور باہمی اعتماد کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔انہوں نے حال ہی میں سٹریٹجک مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا جو دونوں برادر ممالک کے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔پاکستانی کے اراکین پارلیمنٹ نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور ہر موقع پر سعودی عرب کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان -سعودی عرب پارلیمانی فرینڈشپ گروپ دونوں ممالک کے عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے اور پارلیمانی و ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم ہے۔ اجلاس میں مزید کہا گیا کہ قومی اسمبلی کی جانب سے پیش کردہ ایکشن پلان مشترکہ منصوبہ جات، تبادلہ پروگرامز اور قانون سازی کے اداروں کے درمیان تعاون کو مزید گہرا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی بصیرت افروز قیادت میں مملکت سعودی عرب کی غیر معمولی ترقی اور تبدیلی کو سراہا اور کہا کہ سعودی وژن 2030 جدیدیت، اصلاحات اور ترقی کا ایک قابل تقلید ماڈل بن چکا ہے جو ایمان، روایت اور جدت کے حسین امتزاج کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا ابھرتا ہوا کردار ایک ثقافتی پل اور عالمی اقتصادی سفارت کاری کے مرکز کے طور پر نمایاں ہے جس کی جھلک عالمی سطح پر منعقد ہونے والے اہم پروگرامز جیسے ورلڈ اکنامک فورم، ڈبلیو اے آئی پی اے ورلڈ انویسٹمنٹ کانفرنس، ڈبلیو آئی پی او ڈپلومیٹک کانفرنس اور ون واٹر سمٹ میں دیکھی جا سکتی ہے۔سعودی وفد کی جانب سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انجینئر خالد عبداللہ البریك نے قومی اسمبلی اور پاکستان -سعودی عرب پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی جانب سے دی گئی گرمجوش مہمان نوازی اور برادرانہ جذبے پر گہری قدردانی کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس اجلاس کو دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع قرار دیا اور کہا کہ دونوں پارلیمان اپنے قائدین کے وژن کو عملی شکل دینے کے لیے باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید فروغ دیں۔انہوں نے باقاعدہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور کاروباری سطح پر روابط کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ادارہ جاتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دوطرفہ تعاون کو نئی جہت ملے گی۔انجینئر خالد عبداللہ البریك نے پاکستان کے ساتھ دفاع، علاقائی استحکام، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور پارلیمانی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے سعودی عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان -سعودی تعلقات امت مسلمہ کے اتحاد اور طاقت کا ایک مضبوط ستون ہیں۔

اجلاس میں اراکین نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے پاکستان کے دورے کے حوالے سے گہری امید اور توقع ظاہر کی اور کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان -سعودی عرب پارلیمانی فرینڈشپ گروپ ایک موثر ادارہ جاتی فورم ہے جو دوطرفہ تعاون کے فروغ، پارلیمانی تبادلوں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی تفہیم کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ پاکستان اور سعودی عرب اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید عملی اور ٹھوس تعاون میں بدلنے کے لیے قریبی رابطہ اور ہم آہنگی جاری رکھیں گے تاکہ دونوں ممالک کی ترقی، خوشحالی اور علاقائی امن کو فروغ دیا جا سکے۔