فلسطینیوں کی شہادت پر دل افسردہ ہے ،فلسطینی عوام کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فلسطینی عوام پر اسرائیلی ظلم و جبر اور بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مظلوم فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا اور کہا کہ گذشتہ دوسالوں کے دوران ہزاروں فلسطینیوں کی شہادت پر دل افسردہ ہے ۔ اسرائیلی بربریت کے خلاف فلسطینی عوام کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ منگل کو فلسطین پر …

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فلسطینی عوام پر اسرائیلی ظلم و جبر اور بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مظلوم فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا اور کہا کہ گذشتہ دوسالوں کے دوران ہزاروں فلسطینیوں کی شہادت پر دل افسردہ ہے ۔ اسرائیلی بربریت کے خلاف فلسطینی عوام کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

منگل کو فلسطین پر اسرائیلی حارحیت، بربریت اور مظالم کے دوسال مکمل ہونے پر اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینی عوام پر ظلم و جبر کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔اسرائیل کے ہاتھ ستر ہزار بے گناہ فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔اسرائیل نے گزشتہ دو سالوں میں عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی دہشتگردانہ کارروائیاں دنیا کے جدید اصولوں اور انسانی ضمیر کے منافی ہیں۔اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور بربریت کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی۔اسرائیل نے بین الاقوامی عدالت انصاف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلوں کو بھی نظرانداز کیا۔اسرائیل کو ہمیشہ ایک دہشتگرد ریاست کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

گزشتہ دو سالوں کے دوران ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کی شہادت پر دل افسردہ ہے۔پاکستان کی پارلیمان اور عوام شہداء کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں کے دکھ اور درد کو اپنا دکھ اور درد سمجھتے ہیں۔پاکستان فلسطینی عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان 1967ء کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست اور بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت تسلیم کرتا ہے۔ پاکستان کی پارلیمان فلسطین میں جلد سیز فائر معاہدے کی خواہاں ہے۔سیز فائر کے لیے اسلامی ممالک کی مخلصانہ کوششیں قابل ستائش ہیں۔پاکستان خطے میں پائیدار امن اور ترقی کا خواہشمند ہے۔تنازعات کا حل بات چیت اور گفت و شنید سے ہی ممکن ہو سکتا ہے۔