اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے یو ایس پاکستان انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بانی اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ایم صدیق شیخ کی سربراہی میں وفد نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے وفد کو خوش آمدید کہا۔بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے …
سیدال خان سے یو ایس پاکستان انٹرنیشنل چیمبر کے بانی اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے یو ایس پاکستان انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بانی اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ایم صدیق شیخ کی سربراہی میں وفد نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے وفد کو خوش آمدید کہا۔بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری ،صنعتی اور معاشی ترقی کے لیے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بین الاقوامی سطح پر تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے والے اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک نئے انداز میں ابھرا ہے جس کا اثر مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں پر مثبت انداز میں پڑے گا ، اس سے نہ صرف روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے بلکہ عالمی سطح پر تجارتی سرگرمیوں اور ملک میں سرمایہ کاری لانے میں مدد ملے گی۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارے سفیر ہیں اور ہم ان کی کاوشوں کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی معیشت تیزی سے بدل رہی ہے اور جہاں مواقع پیدا ہوئے ہیں وہاں چیلنجز کا بھی سامنا ہے تاہم ہماری موثر پالیسیوں اور حکمت عملی کے ذریعے ان چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں اور بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی لے رہے ہیں جو مثبت رجحان ہے۔
سیدال خان نے وفد سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے لیے ایسا ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے جہاں کاروبار آسان اور سرمایہ کاری محفوظ ہو اور برآمدات میں مسلسل اضافہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے کوششیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے امریکہ میں مقیم پاکستان کی تاجر برادری کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ان کی بدولت پاکستان عالمی سطح پر معاشی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہاہے۔ سیدال خان نے وفد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے اعلی سطح کے وفود پاکستان کا دورہ کرتے رہیں گے اور مقامی صنعتی اور تجارتی چیمبرز کے ساتھ رابطہ کاری کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔
اس موقع پر وفد کے سربراہ ایم صدیق شیخ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں پاکستان کا دورہ کر کے بڑی خوشی ہوئی ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے قائمقام چیئرمین سینیٹ کو امریکہ کے دور کی دعوت بھی دی ۔وفد کے رہنما نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی پاکستان سے دلی محبت کرتے ہیں اور پاکستان کی معاشی ترقی میں موثر کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن)کے ایم پی اے شیخ اعجاز احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سیدال خان ہمارے پرانے ساتھی ہیں اور ہمیشہ انہوں نے پاکستان کی بات کی، ہمیں ان کی قیادت پر فخر ہے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بارے میں انہوں نے کہا کہ چیمبر کی اپنی ایک تاریخ ہے اور وہاں پر کثیر الجہتی مواقع موجود ہیں جس میں تعاون کے ذریعے ہم عوامی رابطہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے سکتے ہیں ۔انہوں نے وفد کو خوش آمدید کہا اور انہیں فیصل آباد کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔








