سپریم کورٹ میں سپر ٹیکس سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت جمعہ تک ملتوی

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):سپریم کورٹ میں سپر ٹیکس سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی گئی ۔سپر ٹیکس کیس کی سماعت جمعرات کو جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے کی۔سماعت کے دوران مختلف قانونی نکات پر بینچ کے ارکان اور وکیل فروغ نسیم کے درمیان تفصیلی مکالمہ بھی ہوا۔ وکیل فروغ نسیم نے موقف اختیار کیا کہ جو ڈائریکشن …

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):سپریم کورٹ میں سپر ٹیکس سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی گئی ۔سپر ٹیکس کیس کی سماعت جمعرات کو جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے کی۔سماعت کے دوران مختلف قانونی نکات پر بینچ کے ارکان اور وکیل فروغ نسیم کے درمیان تفصیلی مکالمہ بھی ہوا۔

وکیل فروغ نسیم نے موقف اختیار کیا کہ جو ڈائریکشن سپریم کورٹ دیتی ہے، پارلیمنٹ اس کی پابند ہوتی ہے۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ ہم پارلیمنٹ سے مشورہ لے سکتے ہیں، ہو سکتا ہے کوئی اچھا مشورہ مل جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیا کافی ہے یا ناکافی، یہ فیصلہ تو پارلیمنٹ نے ہی کرنا ہے۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے مزید کہا کہ حکومت نے ایک انسینٹیو دیا، ایک قانون آتا ہے تو سپریم کورٹ اسے معطل کر دیتی ہے، ماضی میں ایک قانون موجود تھا، اب ترمیم ہو گئی تو اس کا تعلق ماضی سے ہو گا۔اس موقع پر فروغ نسیم نے موقف اپنایا کہ اگر حکومت نے کوئی رعایت دی تھی اور وہ کسی کو نہ ملی تو اس کا تعلق ماضی کے قانون سے ہی ہوگا۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ آپ کہہ رہے ہیں حکومت انسینٹیو دے رہی ہے، حکومت کچھ نہیں دے رہی، یہاں بات منافع اور آمدن کی ہو رہی ہے، میری پراپرٹی ہے، میں نے آپ کو بیچ دی، اب فائدہ ہو یا نقصان، وہ آپ کا معاملہ ہے۔

فروغ نسیم نے کہا کہ رعایت کی حد تک عدالتوں کو حکومت کو ترمیم کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔انہوں نے استفسار کیا کہ کل چھبیسویں آئینی ترمیم سنیں گے یا سپر ٹیکس کیس؟جس پر جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ کل سپر ٹیکس کیس ہی سنیں گے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت جمعہ کی صبح ساڑھے نو بجے تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں