حکومت شہریوں کےلئے سہولیات کی فراہمی پر304 ارب روپے خرچ کرے گی،وزیر بلدیات پنجاب

لاہور۔13اکتوبر (اے پی پی):وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کا میگا پراجیکٹ تعمیراتی صنعت کو فروغ دینے کا باعث بنے گا،متعدد شہروں میں بیک وقت سینکڑوں منصوبوں کے آغاز سے روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے ایک جائزہ اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری آسیہ …

لاہور۔13اکتوبر (اے پی پی):وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کا میگا پراجیکٹ تعمیراتی صنعت کو فروغ دینے کا باعث بنے گا،متعدد شہروں میں بیک وقت سینکڑوں منصوبوں کے آغاز سے روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وہ سول سیکرٹریٹ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے ایک جائزہ اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔

اس موقع پر سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نصیر اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی بھی موجود تھے۔اجلاس میں پی ڈی پی کے لئے ٹینڈرنگ کے جاری عمل کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ڈی پی بریگیڈیئر اسد محمود نے اب تک ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی۔

وزیر بلدیات پنجاب نے کہا کہ پی ڈی پی تمام شہروں کے لئے جامع انفراسٹرکچر فراہم کرنے کا پروگرام ہے۔

دو مرحلوں میں200 شہروں کے لئے ترقیاتی سکیمیں بنائی جا رہی ہیں۔پہلے مرحلے میں شامل52 شہروں کے لئے پیپر ورک مکمل ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شہریوں کے لئے ضروری سہولیات کی فراہمی پر304 ارب روپے خرچ کرے گی۔وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ پی ڈی پی کے ہر مرحلے پر مقررہ ٹائم لائن کا لازمی خیال رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اٹک، کامونکی، لالہ موسی، خانیوال، وزیرآباد ،میلسی، جڑانوالہ اور وہاڑی سمیت سرفہرست12 شہروں میں چند ہفتوں کے اندر عملی کام شروع ہوجائے گا ۔علی پور چٹھہ، لیہ، ڈسکہ، بورے والہ کے لئے سکیموں کا روڈ میپ بھی مکمل ہو گیا ہے۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ پی ڈی پی شہروں میں سیوریج اور ڈرین کے مسئلے کا جامع حل فراہم کرے گا۔

ہر شہر میں برساتی پانی کے فوری نکاس اور ذخیرے کے لئے انڈرگرائونڈ ٹینک بنائیں گے۔ برسوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں اور گلیوں کی مرمت کی جائے گی۔اس کے ساتھ سٹریٹ لائٹس اور پارکس کی بحالی بھی ممکن بنائی جائے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی ڈی پی کے تحت تمام شہروں کی آئندہ 25 سال تک کی آبادی کو مدنظر رکھ کر کام کریں گے۔مکمل شدہ سکیموں کی باقاعدگی کے ساتھ دیکھ بھال کا میکانزم بھی بنایا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے میونسپل چیف افسران کو بھی پی ڈی پی پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ باقاعدگی سے اجلاس کریں۔

استعمال ہونے والے مواد کے معیار اور سپلائی لائن کا مکمل خیال رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کا ایک خاص جزو یہ ہے کہ اس میں اربن فلڈنگ کی روک تھام کے لئے خصوصی حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔ہر شہر کی اپنی ضرورت کے مطابق ڈرین کی تعمیر کی جائے گی۔