تاجر برادری ملکی خود مختاری و سالمیت کے تحفظ کے لئے مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، افتخار علی ملک

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ تاجر برادری کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف اور ملکی خود مختاری و سالمیت کے تحفظ کے لئے مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ پیر کوبیان میں انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ قومی سلامتی اور علاقائی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے بے …

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ تاجر برادری کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف اور ملکی خود مختاری و سالمیت کے تحفظ کے لئے مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ پیر کوبیان میں انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ قومی سلامتی اور علاقائی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ تربیت یافتہ مسلح دہشت گردوں کی سرحد پار سے دراندازی کو فوری طور پر روکے اور پاکستان کے اندر حملوں کے لئے استعمال ہونے والی تمام پناہ گاہوں کو ختم کرے، اس طرح کی کارروائیوں سے نہ صرف علاقائی امن بلکہ ہمسایہ ممالک کے درمیان اعتماد اور خیر سگالی کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں خوشحالی کے لئے پائیدار امن ضروری ہے، سیاسی استحکام اور اقتصادی تعاون ہی آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے، تاجر برادری یقین رکھتی ہے کہ امن کے بغیر معاشی ترقی یا سرمایہ کاری ممکن نہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی طاقتوں اور علاقائی رہنمائوں سے اپیل کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے میں اپنا تعمیری کردار ادا کریں کہ افغانستان عدم مداخلت اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل پیرا ہو۔

افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں جبکہ اس کی معیشت اور انفراسٹرکچر کو کھربوں ڈالر کا نقصان پہنچا ہے اور اس نے 45 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کو پناہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان قیادت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنا چاہیے۔