اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):ترکیہ اور آذربائیجان کی پارلیمان کے سپیکرز کی قیادت میں مشترکہ وفد نے این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر کا دورہ کیا۔ ترکیہ کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر پروفیسر ڈاکٹر نعمان کرتلمش اور آذربائیجان کی ملی مجلس کی سپیکر صاحبا غفوروا نے وفد کی قیادت کی۔ این ای او سی کے دورہ کے موقع پر پاکستان کے قومی اسمبلی کے سپیکر سردار …
ترکیہ اور آذربائیجان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفود کا این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):ترکیہ اور آذربائیجان کی پارلیمان کے سپیکرز کی قیادت میں مشترکہ وفد نے این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر کا دورہ کیا۔ ترکیہ کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر پروفیسر ڈاکٹر نعمان کرتلمش اور آذربائیجان کی ملی مجلس کی سپیکر صاحبا غفوروا نے وفد کی قیادت کی۔ این ای او سی کے دورہ کے موقع پر پاکستان کے قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق وفود کے ہمراہ موجود تھے۔
ترکیہ، آذربائیجان اور پاکستان کے ارکانِ پارلیمان پر مشتمل 40 رکنی وفد نے این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کا تفصیلی دورہ کیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وفد کو پاکستان کے فعال ڈیزاسٹر مینجمنٹ فریم ورک پر بریفنگ دی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے ادارے کے مرکزی کردار، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بروقت پیشگی انتباہی نظام کے حوالے سے اراکین کو آگاہ کیا۔
وفد کو این ڈی ایم اے کی علاقائی تعاون بڑھانے کی کوششوں، معلوماتی تبادلوں، تربیتی ورکشاپس اور بین الاقوامی مشقوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے مو ن سون 2025 کے دوران کامیاب آپریشنز، قبل از وقت انتباہی نظام اور 30 لاکھ سے زائد افراد کے بروقت انخلاء پر بریفنگ دی۔ این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی مربوط کارروائیوں کو مؤثر انداز میں انجام دیا۔ترکیہ اور آذربائیجان کے وفود نے این ڈی ایم اے کے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور قومی استعداد بڑھانے کے عزم کو سراہا۔
دونوں ممالک نے پاکستان کے ساتھ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن، صلاحیت میں اضافہ اور باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ تینوں برادر ممالک ماحولیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے یکجا ہیں ۔یہ تعاون خطے میں محفوظ، مستحکم اور باہمی فلاح پر مبنی مستقبل کی طرف ایک اہم قدم ہے۔








