پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ کا سیمینار سے خطاب

137

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اندرونی تبدیلیاں پاک چین دوطرفہ تعلقات کو متاثر نہیں کر سکتیں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کا فروغ چینی سفارتکاری کی اولین ترجیح ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حال ہی میں نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ پاک چین تعلقات وقت کی ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں اور چین اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ ان کی زیر قیادت پاکستانی حکومت قومی اتحاد و استحکام کو تحفظ دینے اور اقتصادی و سماجی استحکام کیلئے انتہائی پرعزم ہے۔ سفیر نے کہا کہ ماضی میں بھی چٹان کی طرح مضبوط دوستی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر تبدیلیوں کے خلاف مستحکم کھڑی رہی۔ سن وی ڈونگ نے کہا کہ سی پیک دوطرفہ تعلقات کا سب سے اہم فورم بن چکا ہے۔ انہوں نے سیمینار کے شرکاءکو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبے کا باقاعدہ آغاز 2015ءمیں کر دیا گیا تھا اور اب یہ ابتدائی مرحلا مکمل ہونے کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایک ارب ڈالر کے منصوبوں پر تعمیر کا کام جاری ہے جس میں سے 11 منصوبے توانائی سیکٹر سے متعلق ہیں۔ سن وی ڈونگ نے کہا کہ پاکستان میں توانائی بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں ملکوں نے توانائی منصوبوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔