سیکرٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ اور چیئرمین آرگنائزیشن آف مسلم سکالرز ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے پارلیمنٹ ہائوس کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کی

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):سیکرٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ اور چیئرمین آرگنائزیشن آف مسلم سکالرز ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے پارلیمنٹ ہائوس کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق نماز سے قبل خطاب میں انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد، رواداری، بھائی چارے اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے اپنے خطبے …

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):سیکرٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ اور چیئرمین آرگنائزیشن آف مسلم سکالرز ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے پارلیمنٹ ہائوس کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق نماز سے قبل خطاب میں انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد، رواداری، بھائی چارے اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے اپنے خطبے میں کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور اس نے ہمیشہ امت مسلمہ کے اتحاد، خطے میں امن و استحکام اور انسانی خدمت کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ باہمی اتحاد، اخوت اور اسوہ حسنہ کی پیروی کے ذریعے درپیش چیلنجز پر قابو پا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آنا ان کے لیے باعث افتخار اور دلی مسرت کا باعث ہے۔نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد انہوں نے مسلم امہ کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔

نماز جمعہ کے موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف زمان، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی، رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری سمیت متعدد پارلیمنٹرینز، قومی اسمبلی و سینیٹ سیکرٹریٹ کے افسران و ملازمین، میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پارلیمنٹ ہائوس آمد پر ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کا پرتپاک خیرمقدم وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف زمان اور خطیب جامع مسجد پارلیمنٹ ہائوس مولانا مفتی احمد الرحمن نے کیا۔