اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے جمعہ کے روز رائل انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (آر آئی ایم ایس) میں قائم کیے گئے نئے تعمیر شدہ سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ ترجمان کے مطابق اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے طلبہ میں کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ …
وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ نے مقامی میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے جمعہ کے روز رائل انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (آر آئی ایم ایس) میں قائم کیے گئے نئے تعمیر شدہ سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ ترجمان کے مطابق اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے طلبہ میں کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ سرگرمیاں طلبہ کی جسمانی صحت اور ذہنی نشوونما کے لیے نہایت ضروری ہیں۔انہوں نے ادارے کی انتظامیہ کو اس سہولت کے قیام پر سراہا اور کہا کہ یہ کمپلیکس طلبہ کی غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ تعلیمی میدان میں بھی ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مددگار ہو گا۔
اس موقع پر انہوں نے کالج انتظامیہ کی جانب سے ان کے آبائی علاقے خصوصاً خیرپور ٹامے والی اور حاصل پور کے مستحق طلبہ کے لیے کوٹہ مختص کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بطور سپورٹس وزیر اپنے دور کا ذکر کرتے ہوئے فخر کے ساتھ بتایا کہ ان کے مختصر دور وزارت میں پاکستان نے 37 تمغے (میڈلز) جیتے جو ملک کی کھیلوں کی تاریخ میں ایک شاندار کارنامہ تھا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے سکول کے دور میں خود بھی ایک سپورٹس چیمپئن رہ چکے ہیں۔تقریب میں فیکلٹی ممبران، طلبہ اور مقامی معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اہم شرکا میں ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر، ایس ایس پی آپریشنز بہاولپور، ملک حسن رضا خاکی، ڈی جی ہیلتھ، ڈاکٹر علی مہدی، سی او، ملتان انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز، ڈاکٹر علی عمران ،ڈاکٹر نثارالرحمٰن ڈین
رائیل انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، روشن گردیزی، سید رضا گردیزی، سید عابد امام اورایم پی اے قاسم لنگاہ شامل تھے ۔








