جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت کونسل اجلاس،مختلف افراد کی طرف سے دائر کردہ 67 شکایات کا جائزہ

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان اور سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں کونسل اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سپریم کورٹ کے ججز جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر …

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان اور سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں کونسل اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سپریم کورٹ کے ججز جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے شرکت کی۔کونسل کے 12 جولائی 2025 کو کئے گئے فیصلے کے مطابق چیئرمین نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے ججز کے ضابطہ اخلاق میں کچھ ترامیم تجویز کیں۔

تجویز کردہ ترامیم پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور کچھ ترامیم کے ساتھ اکثریتی فیصلے کے تحت انہیں منظور کیا گیا۔ ان ترامیم کی سرکاری گزٹ میں اشاعت، تمام اعلیٰ عدالتوں کے ججز کو ترسیل اور سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر شائع کرنے کی ہدایت دی گئی۔کونسل نے آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت مختلف افراد کی طرف سے دائر کردہ 67 شکایات کا جائزہ لیا۔ ان میں سے 65 شکایات کو متفقہ طور پر خارج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ،ایک شکایت کو مؤخر کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیاجبکہ ایک شکایت پر مزید کارروائی کا اکثریتی فیصلہ کیا گیا۔

بعد ازاں آئین کے آرٹیکل 209 (3)(بی) کے تحت کونسل کو دوبارہ تشکیل دیا گیا جس میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو شامل کیا گیا، کیونکہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایجنڈے کے کچھ معاملات پر اجلاس میں شرکت سے معذرت کی۔دوبارہ تشکیل شدہ کونسل نے مختلف افراد کی طرف سے دائر کردہ سات شکایات کا جائزہ لیا۔ ان میں سے پانچ شکایات کو متفقہ طور پر خارج کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ دو شکایات پر مزید کارروائی کا اکثریتی فیصلہ کیا گیا۔موجودہ 74 شکایات پر فیصلوں کے بعد ابتدائی غور و فکر کے لیے زیر التواء کیسز کی تعداد 87 رہ گئی ہےاور اکتوبر 2024 سے اب تک سپریم جوڈیشل کونسل نے مجموعی طور پر 155 شکایات پر کارروائی کی ہے۔