لاہور۔19اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ایجوکیشن سروسز لمیٹڈ (بیکن ہاوس) کے درمیان نوجوان کرکٹرز کے لیے تعلیمی سکالرشپ پروگرام کا معاہدہ طے پا گیا۔ "کرکٹ بھی کھیلو، تعلیم بھی جاری رکھو" کے عنوان سے ہونے والے معاہدہ پرپی سی بی ہیڈکوارٹرز میں ایک پروقار تقریب کے دوران دستخط کئے گئے، تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی تھے۔معاہدے پر پی سی بی …
پی سی بی اور بیکن ہاوس کے درمیان نوجوان کرکٹرز کیلئے تعلیمی سکالرشپ پروگرام کا معاہدہ طے پا گیا

مزید خبریں
لاہور۔19اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ایجوکیشن سروسز لمیٹڈ (بیکن ہاوس) کے درمیان نوجوان کرکٹرز کے لیے تعلیمی سکالرشپ پروگرام کا معاہدہ طے پا گیا۔ "کرکٹ بھی کھیلو، تعلیم بھی جاری رکھو” کے عنوان سے ہونے والے معاہدہ پرپی سی بی ہیڈکوارٹرز میں ایک پروقار تقریب کے دوران دستخط کئے گئے، تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی تھے۔معاہدے پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد اور بیکن ہاوس کے چیف ایگزیکٹو قاسم قصوری نے دستخط کیے۔
اس شراکت داری کے تحت ملک کے 16 ریجنز سے تعلق رکھنے والے انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کیٹیگریز کے 120 نمایاں کھلاڑیوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ یہ معاہدہ تین برس تک نافذالعمل رہے گا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیکن ہاوس کی جانب سے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے تعلیمی معاونت ایک قابلِ تحسین قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نوجوان کرکٹرز کو کھیل کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی بھرپور توجہ دینے کا موقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دور رس نتائج کا حامل ثابت ہوگا اور بیکن ہاوس کے تعاون سے مستقبل کے کرکٹ سٹارز کی تعلیمی ضروریات بہتر انداز میں پوری کی جا سکیں گی۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ پی سی بی اس پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ باصلاحیت کھلاڑی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
تقریب میں پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی، جی ایم ڈومیسٹک جنید ضیا، بیکن ہاوس کے چیف آپریٹنگ آفیسر علی احمد خان، اے ڈی آپریشنز فیصل نثار، جنرل منیجر سیدہ ارم نقوی اور منیجر سپورٹس تانیا ملک بھی شریک ہوئے۔یہ معاہدہ پاکستان میں کرکٹ اور تعلیم کے امتزاج کی ایک مثبت مثال قرار دیا جا رہا ہے جو نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت بن سکتا ہے۔








