کسٹمز کلکٹوریٹ (انفورسمنٹ) ملتان کی شاندار کارکردگی، رواں ماہ کے ابتدائی 17 دنوں کے دوران مجموعی طور پر 481.949 ملین روپے مالیت کی اشیا ضبط

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):کسٹمز کلکٹوریٹ (انفورسمنٹ) ملتان نے اکتوبر 2025ء کے ابتدائی 17 دنوں کے دوران مجموعی طور پر 481.949 ملین روپے مالیت کی اشیاء ضبط کرکے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہےجو انسداد سمگلنگ مہم میں اس کی غیر معمولی آپریشنل مہارت اور تسلسل کو ظاہر کرتی ہے۔اسی سلسلے میں بڑی کارروائی کے دوران غلہ منڈی ملتان کے قریب ایک مزدا ٹرک کو روکا گیا جس میں غیر …

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):کسٹمز کلکٹوریٹ (انفورسمنٹ) ملتان نے اکتوبر 2025ء کے ابتدائی 17 دنوں کے دوران مجموعی طور پر 481.949 ملین روپے مالیت کی اشیاء ضبط کرکے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہےجو انسداد سمگلنگ مہم میں اس کی غیر معمولی آپریشنل مہارت اور تسلسل کو ظاہر کرتی ہے۔اسی سلسلے میں بڑی کارروائی کے دوران غلہ منڈی ملتان کے قریب ایک مزدا ٹرک کو روکا گیا جس میں غیر ملکی سگریٹ اور چھالیہ جیسی اشیاء کو جانوروں کی پسی ہوئی ہڈیوں کے نیچے چھپا کر لے جا یا جا رہا تھا۔

مزید تفتیش پر انڈسٹریل ایریا میں واقع ایک گودام پر چھاپہ مارا گیا جس سے مزید غیر قانونی اشیاء برآمد ہوئیں جن کی ابتدائی مالیت کا تخمینہ تقریباً 14.890 ملین روپے لگایا گیا ہے۔ایک اور کارروائی میں جے سی پی سخی سرور پر تازہ سیب لے جانے والے ہینو ٹرک کو روکا گیا۔ تفصیلی معائنہ کے دوران پتہ چلا کہ سیب کی ٹوکریوں کے نیچے غیر ملکی ساخت کے 104 انورٹرز چھپائے گئے تھے جن کی مالیت کا تخمینہ 13.200 ملین روپے لگایا گیا ہے ۔

ایک اور واقعہ میں جے سی پی ٹریمن پر معمول کی چیکنگ کے دوران ڈی آئی خان سے کراچی جانے والی ایک مسافر بس کے سامان والے خانے سے کاواساکی سمگل شدہ ننجا ہیوی بائیک برآمد کی گئی جس کی مالیت 2.200 ملین روپے ہے۔یہ کارروائیاں پاکستان کسٹمز بالخصوص کسٹمز کلکٹوریٹ (انفورسمنٹ) ملتان کے افسران اور عملے کے غیر متزلزل عزم، کڑی نگرانی اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہیں جو سمگلنگ کی روک تھام، ٹیکس چوری کے انسداد اور قومی ریونیو کے تحفظ کے لیے ان کی مسلسل کوششوں کو اجاگر کرتی ہیں اور منصفانہ تجارت اور موثر بارڈر کنٹرول کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔