حکومت نے مذہبی رواداری کی عمدہ مثال قائم کی ہے، بھارت نے پاکستان اور مسلمان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی جو جسارت کی اس کا اسے موثر انداز میں جواب دیا گیا، وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی کا دیوالی کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے مذہبی رواداری کی عمدہ مثال قائم کی ہے، بھارت نے پاکستان اور مسلمان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی جو جسارت کی اس کا اسے موثر انداز میں جواب دیا گیا ہے، جس طرح راون کا تکبر ٹوٹا تھا اسی طرح اب مودی کا تکبر بھی …

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے مذہبی رواداری کی عمدہ مثال قائم کی ہے، بھارت نے پاکستان اور مسلمان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی جو جسارت کی اس کا اسے موثر انداز میں جواب دیا گیا ہے، جس طرح راون کا تکبر ٹوٹا تھا اسی طرح اب مودی کا تکبر بھی ٹوٹا ہے۔وہ پیر کو وزیراعظم ہائوس میں منعقدہ دیوالی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی حیثیت سے دیوالی کا تہوار منانے کا آغاز سب سے پہلے سابق وزیراعظم اور ہمارے قائد محمد نواز شریف نے کراچی آ کر کیا تھا ، وزیراعظم ہائوس میں ہندو برادری یہ تہوار منا رہی ہے، یہ ایک قابل ستائش اور تاریخی لمحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ 10 مئی کے بعد کا نیا پاکستان ہے ، بھارت نے مسلمان کو اور اس دھرتی کو دہشت گردی سے جوڑنے کی جو کوشش کی اس کا اسے موثر انداز میں جواب دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی مذہب کی لڑائی نہیں ہے، اسلام اور ہندو دھرم دونوں میں دہشت گردی ممنوع ہے ، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت نے ہمارے ملک کو دہشت گردی سے جوڑا ہم نے بھارت میں کسی سویلین آبادی یا کسی مندر پر حملہ نہیں کرنا، یہ مذہبی رواداری کی عمدہ مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں عزت اور وقار دیا ہے ، تقسیم کے وقت ہمارے بڑوں نے پاکستان میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا، ہم کوئی مہاجر نہیں یہاں کے مقامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں موجود سکھوں، عیسائیوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ برا سلوک ہوتا ہے، ہماری حکومت بالخصوص وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کی عمدہ مثال قائم کی ہے، ہماری ہندو برادری کا چاول کی پیداوار میں بڑا اہم حصہ ہے ، اچھی معیشت کا فائدہ ہمیں بھی ہوتا ہے اورجب لیپ ٹاپ دیئے جاتے ہیں تو ہمارے بچوں کو بھی لیپ ٹاپ ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس کا اسے منہ توڑ جواب دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح راون کا تکبر ٹوٹا اسی طرح مودی کا بھی تکبر ٹوٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کو پرامن بنانے کی جو کوشش کی ہے وہ لائق تحسین ہے۔