اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان، سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اور مراکش کے وزیر خارجہ ناصر بوریتا نے رواں ہفتے کے دوران ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ …
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار سے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم، سعودی عرب کے وزیر خارجہ اور مراکش کے وزیر خارجہ نے رواں ہفتہ کے دوران ٹیلیفون پر گفتگوکی، ترجمان دفتر خارجہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان، سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اور مراکش کے وزیر خارجہ ناصر بوریتا نے رواں ہفتے کے دوران ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم نے گزشتہ رات نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر بات کی، دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ، کثیرالجہتی امور کے ساتھ ساتھ حالیہ علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے21 اکتوبر کو سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی، اپنی حالیہ بات چیت کی بنیاد پر دونوں رہنمائوں نے غزہ اور فلسطین سمیت حالیہ علاقائی پیش رفتوں کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان نے کہا کہ نائب وزیر اعظم کو 21 اکتوبر کو مراکش کے وزیر خارجہ ناصر بوریتا نے ٹیلی فون کیا، دونوں رہنمائوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر اپنی حالیہ دو طرفہ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزیر خارجہ ناصر بوریتا کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کیا۔








