جاپانی سفیر کی سیالکوٹ چیمبر آمد،پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ پر اتفاق

سیالکوٹ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی):جاپان کے سفیر اکاماتسو شوچی نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں صدر چیمبر سید احتشام مظہر اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے ان کا خیرمقدم کیا۔اس موقع پر ملاقات کے دوران پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ سید …

سیالکوٹ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی):جاپان کے سفیر اکاماتسو شوچی نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں صدر چیمبر سید احتشام مظہر اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے ان کا خیرمقدم کیا۔اس موقع پر ملاقات کے دوران پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ سید احتشام مظہر نے کہا کہ تجارتی وفود کا تبادلہ دوطرفہ کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیمبر نے جولائی 2024ء میں جاپان کامیاب تجارتی مشن بھیجا تھا اور جلد ایک نیا وفد بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

انہوں نے جاپانی سفارتخانے سے جاپان ایکسٹرنل ٹریڈآرگنائزیشن کے تعاون سے کاروباری روابط کے فروغ میں مدد کی درخواست کی۔صدر چیمبر نےنمائشوں کے دوران جاپان کے ویزا اپائنٹمنٹس میں مشکلات کی نشاندہی بھی کی اور تجویز دی کہ سفارتخانہ کاروباری ویزا درخواست دہندگان کے لیے سہولت فراہم کرے تاکہ کاروباری برادری کو آسانی ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ جاپانی اداروں جیٹرو اور جائیکا کے ساتھ تعاون کو دوبارہ فعال کیا جائے تاکہ سیالکوٹ کے برآمد کنندگان کی مہارت اور پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔

جاپانی سفیر اکاماتسو نے سیالکوٹ چیمبر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کی صنعتی بنیاد مضبوط ہے اور جاپان کھیلوں کے سامان، سرجیکل آلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ جاپانی سفارتخانہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔