لاہور۔26اکتوبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو اسلام آباد میں دو روزہ علاقائی ٹرانسپورٹ وزراء کانفرنس کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد دی ہے۔ اتوار کے روزجاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سڑک، ریل، فضائی، بحری روابط اور توانائی و ڈیجیٹل کوریڈور کے مربوط نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان کو علاقائی و عالمی معاشی …
سابق صدر سارک چیمبر کی وزیر اعظم کو علاقائی ٹرانسپورٹ وزراء کانفرنس کی میزبانی پر مبارکباد

مزید خبریں
لاہور۔26اکتوبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو اسلام آباد میں دو روزہ علاقائی ٹرانسپورٹ وزراء کانفرنس کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد دی ہے۔ اتوار کے روزجاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سڑک، ریل، فضائی، بحری روابط اور توانائی و ڈیجیٹل کوریڈور کے مربوط نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان کو علاقائی و عالمی معاشی نظام سے منسلک کرکے اپنے جغرافیائی روابط کو ٹھوس اقتصادی مواقع میں تبدیل کرنا چاہیے، علاقائی انضمام کو فروغ دینے اور نئی منڈیوں تک رسائی کے لیے ایران، افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ سڑک اور ریل روابط ناگزیر ہیں، اس سے نہ صرف پاکستان کو فائدہ پہنچے گا بلکہ اجتماعی علاقائی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مشرق وسطی اور چین کے سنگم پر ہونے کی وجہ سے پاکستان علاقائی اور عالمی منڈیوں کے لیے تجارت اور توانائی کے مرکز کے طور پر ابھر سکتا ہے، اس سے ہمارے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر اور سامان کی نقل و حرکت کا نظام بہتر ہو گا، سفری اوقات میں کمی اور تجارتی لاگت بھی کم ہو گی جس سے علاقائی ٹرانزٹ روٹ کے طور پر پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہو گی۔
افتخار علی ملک نے کہا کہ یہ اچھا شگون ہے کہ پاکستان تجارت اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مربوط ٹرانسپورٹ سسٹم کی ترقی میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس کی کامیابی کا ثبوت ہے کہ اس میں سعودی عرب، ترکی، آذربائیجان، ازبکستان، قازقستان، ایران، بیلاروس، ترکمانستان، سری لنکا اور مالدیپ کے وزرائے ٹرانسپورٹ کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک، اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ یونین اور اور اقوام متحدہ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔








