کشمیری عوام نے حق خودارادیت کے حصول کیلئےبے مثال قربانیاں دی ہیں ، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے،سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب بھارت نے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر کے بین الاقوامی قوانین، اخلاقی اصولوں اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کی۔یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج کا سری نگر میں داخلہ کشمیری …

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب بھارت نے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر کے بین الاقوامی قوانین، اخلاقی اصولوں اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کی۔یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج کا سری نگر میں داخلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے منافی اور ظلم و جبر کی ایک سیاہ داستان کا آغاز تھا، جسے تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حقِ خود ارادیت ہر انسان کا بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حق ہے جس کے حصول کے لیے کشمیری عوام نے دہائیوں سے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ بھارت نے ظلم، جبر اور ریاستی طاقت کے ذریعے کشمیری عوام کی آواز دبانے کی ہر ممکن کوشش کی، مگر ان کا عزم، حوصلہ اور استقامت آج بھی قائم ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کو بھارت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35-اے کی غیر قانونی تنسیخ کشمیریوں کی شناخت، خودمختاری اور زمین پر قبضے کی ایک مذموم کوشش تھی، جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ان غیر قانونی اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی غیر متزلزل حمایت کرتا ہے اور ان کی حمایت اور تعاون ہمیشہ جاری رکھے گا۔ انہوں نے کشمیر کی تحریکِ آزادی کے شہداء، رہنماؤں اور عوام کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیمِ ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے اس کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔

اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری فلسطین، غزہ اور مقبوضہ جموں و کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات کے پرامن حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔چیئرمین سینیٹ نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل تک کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گااور اُن کے حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔