سپیکر قومی اسمبلی کی ملائیشین ہم منصب سے ملاقات، دونوں ملکوں کے پارلیمانی تعلقات مستحکم بنانے پر اتفاق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملائیشیا کے ہاؤس آف رپریزنٹیٹوِز کے سپیکر ڈاکٹر جوہری بن عبدل سے ملاقات کی جس دوران دونوں ممالک کے پارلیمانی تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

کیپ ٹاؤن۔16ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملائیشیا کے ہاؤس آف رپریزنٹیٹوِز کے سپیکر ڈاکٹر جوہری بن عبدل سے ملاقات کی جس دوران دونوں ممالک کے پارلیمانی تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سردار ایاز صادق نے اس موقع پر کہا کہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت پر ملائیشیا کا کردار قابل تحسین ہے،پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

سپیکر نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے دوران پاکستان نے امن کو ترجیح دی،بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرکے بین الاقوامی قوانین کے خلاف فرضی کی ۔ان کا کہنا تھا کہ پا کستان کو افغان سرزمین سے دہشت گردی کا سامنا ہے، علاقائی تنازعات کا پرامن حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، مکہ مکرمہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے پر مؤثر عملدرآمد مسلم ممالک کے اتحاد میں معاون ہوگا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے ملائیشین ہم منصب کو دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔