نیپال میں اما دبلام پہاڑ پر دو غیر ملکی کوہ پیما ہلاک

کٹھمنڈو۔27اکتوبر (اے پی پی):نیپال میں ہمالیہ کے سلسلے میں واقع اما دبلام پہاڑ پر دو غیر ملکی کوہ پیما الگ الگ مہمات کے دوران ہلاک ہو گئے۔ رائٹر کے مطابق حکام نے بتا یا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک فرانسیسی اور ایک جنوبی کوریائی باشندہ شامل ہے۔ ہمالین ویژن ٹریکس اینڈ ایکسپیڈیشن کے نمائندے سوباش شریستھا کے مطابق 65 سالہ فرانسیسی کوہ پیما ہیوجو لوسیو کولونیا لازارو کے …

کٹھمنڈو۔27اکتوبر (اے پی پی):نیپال میں ہمالیہ کے سلسلے میں واقع اما دبلام پہاڑ پر دو غیر ملکی کوہ پیما الگ الگ مہمات کے دوران ہلاک ہو گئے۔ رائٹر کے مطابق حکام نے بتا یا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک فرانسیسی اور ایک جنوبی کوریائی باشندہ شامل ہے۔

ہمالین ویژن ٹریکس اینڈ ایکسپیڈیشن کے نمائندے سوباش شریستھا کے مطابق 65 سالہ فرانسیسی کوہ پیما ہیوجو لوسیو کولونیا لازارو کے سر پر برف کا ایک ٹکڑا گرنے سے شدید چوٹ آئی تھی۔ انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے کٹھمنڈو منتقل کیا گیا، تاہم وہ اسپتال میں دم توڑ گئے۔

اسی دوران، 66 سالہ جنوبی کوریائی کوہ پیما ہونگ خی پارک اتوار کے روز اما دبلام سر کرنے کی کوشش کے دوران اچانک گر کر جاں بحق ہو گئے۔ ’ول نیپال ٹریکس کمپنی کے ہومناتھ بھٹ رائے کے مطابق وہ پانچ دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مہم پر تھے۔

اما دبلام، جو 6,814 میٹر (22,356 فٹ) بلند ہے، نیپال کے سولو کھمبو علاقے میں واقع ہے اور اسے "ہمالیہ کا میٹرہارن” بھی کہا جاتا ہے۔ یہ چوٹی اپنی فنی دشواریوں کے باعث کوہ پیماؤں کے لیے ایک مشکل ہدف سمجھی جاتی ہے، تاہم ماؤنٹ ایورسٹ بیس کیمپ جانے والے ہائیکرز میں بھی مقبول ہے۔

نیپالی حکام کے مطابق رواں خزاں کے کوہ پیمائی سیزن کے دوران، جو آئندہ ماہ ختم ہوگا، اما دبلام سر کرنے کے لیے 400 اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی ایک جنوبی کوریائی کوہ پیما اسی علاقے میں ایک دوسری چوٹی سر کرنے کے بعد جاں بحق ہو گیا تھا۔