اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں جموں و کشمیر پر بھارت کے 78 سالہ غیرقانونی قبضے کی مذمت اور کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کے حوالے سے پاکستان کے عزم کی تجدید کے لیے یوم سیاہ کشمیر منایا گیا۔ اس دن کو منانے کا مقصد بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو سات عشروں سے زیادہ عرصے سے …
پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ سیاہ کشمیر منایا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں جموں و کشمیر پر بھارت کے 78 سالہ غیرقانونی قبضے کی مذمت اور کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کے حوالے سے پاکستان کے عزم کی تجدید کے لیے یوم سیاہ کشمیر منایا گیا۔ اس دن کو منانے کا مقصد بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو سات عشروں سے زیادہ عرصے سے ہونے والی سنگین ناانصافیوں کی یاد دہانی کرانا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں درج حق خودارادیت کی قانونی جدوجہد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پورے ملک اور بیرون ملک پاکستانی مشنز میں سیمینارز، ویبینارز، پینل ڈسکشن اور تصویری نمائشوں سمیت مختلف قسم کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ ان سرگرمیوں میں معصوم کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرتے ہوئے دنیا کی توجہ بھارتی قابض افواج کی طرف سے روا رکھے جانے والے مظالم اور بربریت کی طرف دلائی گئی۔ اس موقع پر اپنے خصوصی پیغامات میں صدر، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت پر جموں و کشمیر پر اپنا غیرقانونی قبضہ ختم کرنے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے اور کشمیری آبادی کے خلاف تمام جابرانہ اقدامات بند کرنے کے لیے دبائو ڈالنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور اسلامی تعاون کی تنظیم کے سیکرٹری جنرل کے نام خطوط ارسال کئے، جن میں انہیں بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورت حال سے آگاہ کیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ بھارت گزشتہ سات عشروں سے زیادہ عرصے سے بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق سے مسلسل انکار کر رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کی ان ذمہ داریوں کے تسلسل سے انکار اور اس کی قیادت کے متشدد اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کے ساتھ، خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہا ہے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ پیدا کر رہا ہے۔
وزارت خارجہ سے ایک خصوصی یکجہتی واک برائے کشمیر کا اہتمام کیا گیا جس میں وزارت کے افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔ وزارت خارجہ نے اسلام آباد میں سفارتی برادری کے اراکین کے لیے ایک خصوصی بریفنگ کا بھی اہتمام کیا۔ سفارت کاروں کے لیے بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی عکاسی کرنے والی ایک مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ 27 اکتوبر یوم سیاہ کے طور پر منانا جموں و کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی حملے کی ایک تلخ یاد دہانی کراتا ہے۔ یہ ان کشمیری عوام کے عزم و استقلال کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن بھی ہے جو دہائیوں کی جبری پالیسیوں کے باوجود حق خودارادیت کی اپنی جدوجہد میں ثابت قدم ہیں۔








