خیبر پختونخوا کے عوام نے ملکی ترقی، امن اور استحکام کیلئے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا، انجینئر امیر مقام

پشاور۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائےامورکشمیر،گلگت بلتستان وسیفران اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آج خیبر پختونخوا کے عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ صوبے کی ترقی، امن اور استحکام کیلئے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وہ پشاور میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے، جہاں سابق اے این پی امیدوار برائے قومی اسمبلی …

پشاور۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائےامورکشمیر،گلگت بلتستان وسیفران اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آج خیبر پختونخوا کے عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ صوبے کی ترقی، امن اور استحکام کیلئے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وہ پشاور میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے، جہاں سابق اے این پی امیدوار برائے قومی اسمبلی ارباب زین عمر اپنے اہل خانہ اور ہزاروں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن)میں شامل ہوگئے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ عوام کی اس سطح پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ اب جان چکے ہیں کہ صرف مسلم لیگ (ن) ہی صوبے اور ملک کو خوشحالی، امن اور ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔انہوں نے ارباب زین عمر کو ایک باصلاحیت، تعلیم یافتہ اور وژن رکھنے والا رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے صوبے میں پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔

وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 13 سالوں میں خیبر پختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں رہی، ادارے مفلوج ہو چکے ہیں اور عوام کو صرف دھوکا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ ایسا شخص ہے جو کابینہ بنانے کے لیے بھی جیل میں بیٹھے ایک شخص سے اجازت لیتا ہے، جو عوام اور جمہوریت دونوں کی توہین ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ تعلیم، صحت، روزگار اور امن کے شعبے مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ نوجوانوں کو لیپ ٹاپ، وظائف اور روزگار سے محروم کیا گیا جبکہ حکومت کا سارا زور اسلام آباد سے رسہ کشی اور ایک قیدی کی رہائی پر لگا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو “قیدی کا ایجنڈا” چھوڑ کر عوام کی فلاح، دہشت گردی کے خاتمے اور نوجوانوں کے مستقبل پر توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پشتون عوام کی تاریخی شناخت اور قربانیوں کو مسخ کرنے کی کوشش کی جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پشتونوں نے پاکستان کے دفاع کے لیے ہزاروں جانوں کی قربانی دی اور وہ اس ملک کی مضبوط بنیاد ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ کسی کو بھی اداروں کے خلاف نفرت یا شکوک پیدا کرنے کا حق نہیں۔ جو قوتیں ایسا کر رہی ہیں وہ دراصل دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دے رہی ہیں۔انجینئر امیر مقام نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ان کی قیادت میں بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ملک کو دشمنوں کے ناپاک عزائم سے محفوظ رکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم محمدشہباز شریف ایک وژنری اور محنتی رہنما ہیں جو دن رات ملک کی معاشی بحالی، قومی اتحاد اور عوامی فلاح کیلئے کوشاں ہیں،وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے درمیان ہم آہنگی ہی پاکستان کے استحکام اور ترقی کی اصل ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف وہ رہنما ہیں جنہوں نے پاکستان کو موٹرویز، توانائی منصوبے، امن اور ترقی دی،مسلم لیگ (ن) کی سیاست ملک و عوام کی خدمت استحکام اور ترقی پر مبنی ہے۔

تقریب کے اختتام پر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ نفرت اور انتشار کی سیاست چاہتے ہیں یا ترقی، امن اور خوشحالی کا راستہ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہی وہ جماعت ہے جو خیبر پختونخوا کو پس ماندگی سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔