اُڑان پاکستان وژن معیشت کو علم اور جدت کی بنیاد پر استوار کرے گا، احسن اقبال

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اُڑان پاکستان وژن معیشت کو علم اور جدت کی بنیاد پر استوار کرے گا۔پیر کو نیشنل سینٹر آف فزکس اسلام آباد میں منعقدہ بین الاقوامی سمپوزیم برائے ایڈوانسڈ میٹریلز سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں لانے کے لیے معیشت …

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اُڑان پاکستان وژن معیشت کو علم اور جدت کی بنیاد پر استوار کرے گا۔پیر کو نیشنل سینٹر آف فزکس اسلام آباد میں منعقدہ بین الاقوامی سمپوزیم برائے ایڈوانسڈ میٹریلز سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں لانے کے لیے معیشت کو علم، تحقیق اور جدت کی بنیاد پر استوار کرنا ناگزیر ہے۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ اسلام جدید علم حاصل کرنے اور اس کے فروغ پر زور دیتا ہے اور ہمیں اپنی نوجوان نسل کو جدید سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہوگا تاکہ ملک کو عالمی مسابقت میں نمایاں مقام دلایا جا سکے۔احسن اقبال نے کہا کہ دنیا کی 70 فیصد تجارت میٹریلز پر مبنی مصنوعات پر مشتمل ہے، اس لیے میٹریل سائنس کو نئی عالمی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈاکٹر اے کیو خان انسٹی ٹیوٹ آف میٹریل سائنسز کے قیام پر کام جاری ہے جو جدید تحقیق، صنعتی شراکت داری اور نوجوان سائنسدانوں کی تربیت کا مرکز ہوگا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ اُڑان پاکستان وژن کے تحت حکومت نے 2035 تک پانچ قومی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کلسٹرز قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے تاکہ پاکستان کو میٹریل انوویشن اور ٹیکنالوجی میں خودکفیل بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اسی مدت میں 100 یونیورسٹی–انڈسٹری شراکتیں قائم کی جائیں گی اور 5 ہزار خصوصی تربیت یافتہ سائنسدان اور انجینئرز تیار کیے جائیں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کا مقصد پاکستان کو میٹریل انوویشن کے میدان میں دنیا کی ٹاپ 30 اقوام میں شامل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، علم اور تخلیقی صلاحیتوں پر مبنی ترقی ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ۔