بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام حکومت کی اولین ترجیح ، پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے متعدد منصوبے جاری ہیں،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی حکومت صوبے کے پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع، اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے تاکہ عوام کی زندگیوں میں مثبت اور دیرپا تبدیلی لائی …

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی حکومت صوبے کے پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع، اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے تاکہ عوام کی زندگیوں میں مثبت اور دیرپا تبدیلی لائی جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین، زعما اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی ترقی، عوامی فلاح و بہبود، امن و امان کی صورتحال اور وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کو قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ گوادر پورٹ کی فعالیت، شاہراہوں کے جال، توانائی منصوبوں، معدنی وسائل کے مؤثر استعمال اور صنعتی زونز کی تعمیر کے ذریعے صوبے کے روشن اور مستحکم مستقبل کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن، باہمت اور باصلاحیت ہیں، جنہوں نے ہمیشہ ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور شفاف حکمتِ عملی کے ذریعے صوبے میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ بلوچستان کے نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں، جن کی تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وہ قومی ترقی کے عمل میں بھرپور شمولیت اختیار کر سکیں۔

وفد میں شامل عمائدین اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندوں نے وفاقی حکومت کے ترقیاتی اقدامات اور بلوچستان کے لیے ترجیحی پالیسیوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے پہلی مرتبہ بلوچستان کے عوام کے حقیقی مسائل کو زمینی حقائق کے مطابق حل کرنے کی عملی کوشش کی ہے۔

انہوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی بلوچستان کے مفاد میں جاری کاوشوں، عوامی نمائندگی اور مؤثر کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ بلوچستان کے عوام کی آواز کو ایوانِ بالا تک پہنچاتے رہیں گے اور ترقی و خوشحالی کے سفر کو ہر حال میں جاری رکھیں گے تاکہ مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی بنیاد مزید مضبوط بنائی جا سکے۔