انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز، میں انڈیا سٹڈی سنٹر کا یوتھ فورم فار کشمیر کے تعاون سے تقریب کا اہتمام

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز، اسلام آباد میں انڈیا سٹڈی سنٹر نے یوتھ فورم فار کشمیر کے تعاون سے ایک تقریب "کشمیر یوتھ پالیسی ڈائیلاگ 2025" کا انعقاد کیا۔ پاکستان بھر سے 150 سے زائد طلباء نے مکالمے میں حصہ لیا۔ تقریب میں آذربائیجان کے سفارتخانے کے چارج ڈی افیئرز سمیر احمدلی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ دیگر مقررین میں شاہ غلام قادر، صدر …

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز، اسلام آباد میں انڈیا سٹڈی سنٹر نے یوتھ فورم فار کشمیر کے تعاون سے ایک تقریب "کشمیر یوتھ پالیسی ڈائیلاگ 2025” کا انعقاد کیا۔ پاکستان بھر سے 150 سے زائد طلباء نے مکالمے میں حصہ لیا۔

تقریب میں آذربائیجان کے سفارتخانے کے چارج ڈی افیئرز سمیر احمدلی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ دیگر مقررین میں شاہ غلام قادر، صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر، سفیر عبدالباسط ،پروفیسر ڈاکٹر محمد خان، شعبہ بین الاقوامی تعلقات، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، نائلہ الطاف کیانی، انسانی حقوق کی کارکن اور سیاسی تجزیہ کار ،بیرسٹر ندا سلام، وکیل ، انسانی حقوق کے کارکن اور ڈاکٹر قمر چیمہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، صنوبر انسٹی ٹیوٹ، اسلام آباد نے شرکت کی ۔

"اقوام متحدہ اور تنازعات کا حل – آذربائیجان کا تجربہ” کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے سمیر احمدلی نے آرمینیا کے ساتھ آذربائیجان کے تنازعات کی تاریخ بیان کی۔ احمدلی نے مارچ 2008 میں منظور کی گئی قرارداد نمبر 62/243 کا خصوصی حوالہ دیا ۔ انہوں نے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ پاکستان ایک ایسا ملک رہا ہے جو ہمیشہ آذربائیجان کے ساتھ کھڑا رہا اور زیادہ سے زیادہ حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی ایمبیسیڈر سہیل محمود نے کہا کہ تنازعہ کشمیر اور اقوام متحدہ کے درمیان گہرا تعلق ہے۔ یکم جنوری 1948 کو بھارت نے پاکستان کو ’جارح‘ قرار دلوانے کے لیے معاملہ اقوام متحدہ میں لے کر جانا چاہا۔

اقوام متحدہ نے معاملے کا معروضی جائزہ لیا اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی توثیق کی اور اقوام متحدہ کی سرپرستی میں ایک آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے تجویز کیا تاکہ کشمیری یہ فیصلہ کر سکیں کہ وہ پاکستان کے ساتھ شامل ہونا چاہتے ہیں یا نہیں۔ بھارت نے ابتدا میں اتفاق کیا لیکن بعد میں کشمیریوں، پاکستان اور عالمی برادری سے کیے گئے اپنے وعدوں سے مکر گیا۔

اب 78 سال ہوچکے ہیں کہ اقوام متحدہ کی طرف سے تجویز کردہ حل غیر حقیقی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ پھر بھی، اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر کے بین الاقوامی جواز کو برقرار رکھنے، انسانی حقوق پر تحفظات پیدا کرنے اور یونائٹڈ نیشنز ملٹری اوبزرور گروپ ان انڈیا اینڈ پاکستان کے ذریعے ایل او سی کی نگرانی کے لیے انمول خدمات انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اہم اسٹیک ہولڈرز میں سے ہیں جہاں تک اہم قومی مسائل اور پاکستان کے مستقبل کا تعلق ہے۔ کشمیر پر نوجوانوں کی مصروفیت خاص اہمیت کی حامل ہے۔ یہ جنگ پاکستان کی اگلی نسل کو اس وقت تک لڑنی ہوگی جب تک کہ کوئی منصفانہ اور دیرپا حل نہیں نکل جاتا۔ ڈاکٹر خرم عباس، ڈائریکٹر انڈیا سٹڈی سنٹر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ پر اس انتہائی اہم مباحثے میں پاکستان کے نوجوانوں کے جوش و خروش اور شرکت کو دیکھنا انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ پاکستان کے نوجوانوں کے ساتھ یہ مشغولیت انسٹی ٹیوٹ کی پالیسی کے مطابق ہے جو ہمیشہ نوجوانوں کی تمام تقریبات میں شرکت کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ انہوں نے طالبات کی ایک بڑی تعداد کو جموں و کشمیر تنازعہ کے مختلف پہلوؤں میں اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے دیکھ کر بھی خوشی کا اظہار کیا۔

پہلے سیشن میں شریک طلباء نے جموں و کشمیر تنازعہ کے چار پہلوؤں پر تفصیلی تجزیے اور پالیسی سفارشات پیش کیں۔ جموں و کشمیر میں خواتین اور بچوں کے حقوق کے مسئلہ پر طلبہ نے میڈیا کی اہمیت کو اجاگر کیا اور زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی میڈیا کو اس میں شامل ہونا چاہیے۔ ڈیجیٹل میموریل بنانے کی ایک بہت اچھی تجویز بھی پیش کی گئی۔ آب و ہوا کے مسئلے پر طالب علموں کی طرف سے زیادہ فعال موسمیاتی سفارت کاری کا مشورہ دیا گیا۔ انسانی مداخلت کی وجہ سے گلیشیئرز بالخصوص سیاچن گلیشیئر کے پگھلنے کو نمایاں کیا گیا جس کے نتیجے میں برفانی تودے اور سیلاب آتے ہیں۔

بھارتی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں کشمیری عوام کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھی اس بات پر زور دیا گیا کہ غیر ملکی میڈیا کو جموں اور کشمیر تک رسائی دی جانی چاہیے تاکہ وہ انسانی بحران کی حد کا خود اندازہ لگا سکیں۔ نوجوان طلباء کی جانب سے تنازعہ کشمیر کے ممکنہ حل کے بارے میں تجاویز بھی پیش کی گئی۔ شاہ غلام قادر نے "فرنٹیئر سے امن کی تعمیر – کشمیر کے کاز کی وکالت میں آزاد جموں و کشمیر کا کردار” پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر، چیئرمین بورڈ آف گورنرز، آئی ایس ایس آئی، سفیر خالد محمود نے کہا کہ جہاں لیگ آف نیشنز سیکیورٹی کے مسائل پر زیادہ مرکوز تھی، اقوام متحدہ نے اپنا دائرہ کار بڑھایا اور اس میں انسانی اور ترقیاتی امور کو بھی شامل کیا۔ انہوں نے پاکستان کے لیے آگے بڑھنے کا راستہ بھی تجویز کیا جس میں کیس کو بین الاقوامی فوجداری عدالت میں لے جانا اور عالمی عدالت انصاف کی مشاورتی رائے لینا شامل ہے۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر نوجوان طلباء اور ماہرین کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں پاکستان کی نوجوان نسل جموں و کشمیر کا مقدمہ تمام بین الاقوامی فورمز پر موثر انداز میں لڑے گی۔