صدر مملکت آصف علی زرداری کی ترکیہ کے یوم جمہوریہ کے موقع پرترک حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد،ترکیہ کے ساتھ پاکستان کی مستقل یکجہتی کا اعادہ

اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترکیہ کے 102ویں یوم جمہوریہ کے پرمسرت موقع پرترک حکومت اور برادر عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن عالمی تاریخ کے ایک اہم لمحے کی نشاندہی کرتا ہے جب مصطفٰی کمال اتاترک کی بصیرت انگیز قیادت کی رہنمائی میں ریزیلنٹ ترک قوم اصلاح، ترقی اور تجدید کی راہ پر گامزن ہوئی۔ منگل کو ایوان صدر …

اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترکیہ کے 102ویں یوم جمہوریہ کے پرمسرت موقع پرترک حکومت اور برادر عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن عالمی تاریخ کے ایک اہم لمحے کی نشاندہی کرتا ہے جب مصطفٰی کمال اتاترک کی بصیرت انگیز قیادت کی رہنمائی میں ریزیلنٹ ترک قوم اصلاح، ترقی اور تجدید کی راہ پر گامزن ہوئی۔

منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ترکیہ کے یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے لوگوں نے جس حوصلے اور عزم کے ساتھ اپنی تقدیر کو تشکیل دیا وہ دنیا بھر کی نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا، علامہ اقبال اور قائداعظم نے ترک جمہوریہ کے قیام میں ترکیہ کے عوام کی بہادر قیادت اور انقلابی اصلاحات کی تعریف کی جنہوں نے ترکیہ کو اقوام عالم میں قابل رشک قوم بنادیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دلوں میں ترکیہ ایک خاص مقام رکھتا ہے، دونوں قوموں کے درمیان گہرے رشتے مشترکہ تاریخ، عقیدے اور باہمی احترام سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اقوام ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ غیر متزلزل اور مضبوط چٹان کی طرح کھڑی رہی ہیں، زندگی کے تمام شعبوں میں ترکیہ کے ساتھ ادارہ جاتی تعلق مضبوط اور متحرک ہے۔

صدر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ جیسے جیسے ہم آگے بڑھیں گے یہ تیزی سے ترقی کرے گا۔ انہوں نے فخر اور جشن کے اس دن کے موقع پر ترکیہ کے ساتھ پاکستان کی مستقل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہماری دوستی آنے والے سالوں میں مزید مضبوط ہوتی رہے گی۔ صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جمہوریہ ترکیہ کو دیرپا امن، ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔