اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):روٹری کلب آف اسلام آباد میٹروپولیٹن نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے ایک سیمینار بعنوان ’’پولیو کے خاتمے میں سٹیک ہولڈرز کا کردار‘‘ کا انعقاد کیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے پولیو کے خاتمے کیلئے روٹری کلب انٹرنیشنل اور مقامی چیپٹرز کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ روٹری اس …
پولیو کے خاتمے کے لیے سٹیک ہولڈرز کا تعاون ناگزیر ہے، قائم مقام صدر آئی سی سی آئی
اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):روٹری کلب آف اسلام آباد میٹروپولیٹن نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے ایک سیمینار بعنوان ’’پولیو کے خاتمے میں سٹیک ہولڈرز کا کردار‘‘ کا انعقاد کیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے پولیو کے خاتمے کیلئے روٹری کلب انٹرنیشنل اور مقامی چیپٹرز کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ روٹری اس عالمی مشن میں ہر بچے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے شراکت داروں اور کمیونٹیز کے ساتھ مل کر مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں سینکڑوں کیسز سے لے کر صرف چند الگ تھلگ کیسز تک قابل ذکر پیش رفت حاصل کی ہے لیکن ایک کیس بھی بہت زیادہ ہے،جب تک ہم صفر تک نہیں پہنچ جاتے، ہم آرام نہیں کر سکتے۔ طاہر ایوب نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز، حکومت، این جی اوز، تاجر برادری، میڈیا، مذہبی رہنمائوں اور شہریوں کی مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت مند قوم ہی ایک فعال قوم ہوتی ہےاور پولیو کا خاتمہ صرف صحت کا ہدف نہیں ہے بلکہ درحقیقت پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے پولیو سے پاک پاکستان کے حصول کے لیے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے اقدامات کی حمایت کے لیے آئی سی سی آئی کے عزم کی توثیق کی۔قبل ازیں روٹری کلب آف اسلام آباد میٹروپولیٹن کے صدر ریئر ایڈمرل (ر) شاہد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ روٹری انٹرنیشنل پولیو کے خاتمے کی عالمی کوششوں میں کلیدی شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیماری اب صرف دو ممالک افغانستان اور پاکستان میں موجود ہے۔ ڈاکٹر طاہر عباس ملک نے استعداد کار میں اضافے اور حفاظتی ٹیکوں کی کوششوں میں ڈبلیو ایچ او کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر عمر ناصر قریشی نے بیماری کے خاتمے کے لیے یونیسیف کے تعاون کا خاکہ پیش کیا اور ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز (سی ڈی اے) سے ڈاکٹر کامران نے روٹری کے مسلسل عزم اور فرنٹ لائن ورکرز کی کوششوں کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں پولیو ورکرز کو ان کی شاندار خدمات پر تحائف اور شیلڈز سے نوازا گیا۔









