سپین اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، کرسٹینا لیو

فیصل آباد۔ 29 اکتوبر (اے پی پی):سپین کی کمرشل اتاشی اور ہیڈ آف اکنامک اینڈ کمرشل آفس کرسٹینا لیو نے کہا ہے کہ پاکستان سے دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تاجروں میں براہ راست رابطوں کو فروغ دینے کیلئے فیصل آباد …

فیصل آباد۔ 29 اکتوبر (اے پی پی):سپین کی کمرشل اتاشی اور ہیڈ آف اکنامک اینڈ کمرشل آفس کرسٹینا لیو نے کہا ہے کہ پاکستان سے دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تاجروں میں براہ راست رابطوں کو فروغ دینے کیلئے فیصل آباد چیمبر کے تجارتی وفد کو ضروری سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کی وجہ سے حالیہ سالوں میں پاکستان کیلئے سپین کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

اس وقت بھی ٹیکسٹائل کی 20فیصد برآمدات پاکستان سے کی جا رہی ہیں جن میں سے ایک بڑی مقدار فیصل آباد میں تیار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کی سہولت میں توسیع کیلئے پاکستان کو انسانی حقوق، اچھی طرز حکمرانی اور ماحولیات میں بہتری کیلئے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپین کی تیار کی گئی مشینری استعمال کرنے سے پاکستانی مصنوعات کے معیار میں بہتری آئی ہے جس سے برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی منڈیوں میں کامیابی کیلئے انرجی ایفی شنٹ مشینری اور ماحول دوست ڈائز کے علاوہ دیگر اقدامات بھی اٹھانے ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو بڑھانے کیلئے سپین کی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔ اس سے قبل کرسٹینا لیو کا خیرمقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر کا تعارف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ1951 میں پاکستان نے سپین کے ساتھ تجارت کا سلسلہ شروع کیا تھا جو بتدریج ترقی کررہا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپین یونین کا تیسرا بڑا تجارتی پارٹنر ہے اس وقت سپین کیلئے ہماری برآمدات 1.47بلین ڈالر جبکہ درآمدات 145ملین ڈالر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آبادچیمبرنے برآمدات بڑھانے کیلئے مختلف ملکوں کوتجارتی وفودبھیجنے کا پروگرام ترتیب دیا ہے اورآئندہ سال جنوری میں ایک وفدسپین کا بھی دورہ کرے گا۔ انہوں نے پاکستانی تجارتی وفد کو ضروری سہولتیں مہیا کرنے کی بھی درخواست کی تاکہ اس دورے کو با مقصد اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔

سوال و جواب کی نشست میں ایگزیکٹو ممبران وحید خالق رامے، مرزا زاہد اقبال، محمد علی، حاجی محمد عطا اللہ، جواد شفیق، امتیاز علی، سابق سینئر نائب صدر چوہدری طلعت محمود اور دیگر ممبران کاشف ضیا، سلیمان اسلم، حبیب احمد گجر اور عبدالرحمن نے حصہ لیا جبکہ آخر میں صدر فاروق یوسف شیخ نے کرسٹینا لیو کو چیمبر کی 50سالہ سالگرہ کے حوالے سے خصوصی پن شیلڈ اور تحائف پیش کئے۔

آخر میں سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ کرسٹینا لیو نے فیصل آباد چیمبر کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔