ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح کی زیر صدارت اہم اجلاس

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کے تمام ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی ایجنڈا ادارے میں اصلاحات، ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی اور ریجنل دفاتر میں معیارِ کار کو مزید بہتر بنانا تھا۔ اس موقع پر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا …

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کے تمام ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی ایجنڈا ادارے میں اصلاحات، ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی اور ریجنل دفاتر میں معیارِ کار کو مزید بہتر بنانا تھا۔ اس موقع پر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ آئی بی سی سی کو جدید تقاضوں کے مطابق استوار کرنے کے لئے ڈیجیٹل نظام کی مضبوطی ناگزیر ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ عوام کو سرٹیفکیٹ کی تصدیق، مساوات اور دیگر خدمات میں زیادہ سے زیادہ آسانی فراہم کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جائے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے تمام ریجنل دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ شفافیت، رفتار اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت کے پیش نظر تمام سروسز کو آن لائن پلیٹ فارمز سے مربوط کیا جائے تاکہ ملک بھر کے طلبہ کو باآسانی خدمات میسر آئیں۔

اجلاس میں مختلف تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں ڈیجیٹل آرکائیونگ سسٹم، آٹومیشن کے نئے مراحل اور کسٹمر سپورٹ کے جدید طریقہ کار شامل تھے۔ ڈاکٹر غلام علی ملاح نے تمام افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئی بی سی سی مستقبل میں بھی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھے گا۔