وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات، پاک ایران تعلقات پرتبادلہ خیال

تہران۔29اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بدھ کو ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، ملاقات میں پاک ایران تعلقات، دوطرفہ تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ایرانی صدر کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن …

تہران۔29اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بدھ کو ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، ملاقات میں پاک ایران تعلقات، دوطرفہ تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ایرانی صدر کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک افغان بارڈر کی موجودہ صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاک افغان کشیدگی کے خاتمے کے لیے برادرانہ کردار ادا کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنے بھائی ملک پاکستان کے بے پایاں تعاون کو کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔

صدر مسعود پزشکیان نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے پاس تعاون کو فروغ دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایران اور پاکستان علاقائی امن اور استحکام کے شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے نہایت اہم ہے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں باہمی اعتماد اور دوستی کے رشتوں کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔