سپریم کورٹ کے نیوزلیٹر کی اشاعت عدلیہ اور عوام کے درمیان ایک مؤثر رابطے کا ذریعہ ثابت ہوگی ، چیف جسٹس یحییٰ فریدی

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان کی ایڈیٹوریل کمیٹی نے عدالتِ عظمیٰ کے پہلے سہ ماہی نیوز لیٹر (جنوری تا مارچ 2025ء) کا اجرا کر دیا ۔ نیوزلیٹر کا شمارہ رجسٹرار فخر زمان کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی موجودگی میں پیش کیا گیا۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر چیف جسٹس …

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان کی ایڈیٹوریل کمیٹی نے عدالتِ عظمیٰ کے پہلے سہ ماہی نیوز لیٹر (جنوری تا مارچ 2025ء) کا اجرا کر دیا ۔ نیوزلیٹر کا شمارہ رجسٹرار فخر زمان کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی موجودگی میں پیش کیا گیا۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس موقع پر ایڈیٹوریل کمیٹی کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اشاعت عدالت کی شفافیت، اصلاحات اور عوامی رابطے کے عزم کی عکاس ہے۔

نیوز لیٹر میں رواں سہ ماہی کے دوران سپریم کورٹ کی اہم عدالتی پیش رفتوں کو اجاگر کیا گیا ہے جن میں عوام دوست، ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات، تاریخی فیصلے، ادارہ جاتی اصلاحات، اور قومی و بین الاقوامی عدالتی تعاون شامل ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ نیوز لیٹر کی اشاعت عدلیہ اور عوام کے درمیان ایک مؤثر رابطے کا ذریعہ ثابت ہوگی جو عدالت کے کام اور اصلاحاتی ترجیحات پر روشنی ڈالتی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے مؤثر ابلاغ، رسائی اور ادارہ جاتی شفافیت نہایت اہم ہیں۔ایڈیٹوریل کمیٹی کی سربراہی سید سبطِ حسن شمسی، ایڈیشنل رجسٹرار ریسرچ کر رہے ہیں۔ دیگر اراکین میں سیدہ صائمہ شبیر (سینئر ریسرچ آفیسر)، محمد سلیم احمد (سینئر لائبریرین)، محمد شفیق (سینئر ریسرچ آفیسر)، ڈاکٹر شاہد حسین کمبوہ (پبلک ریلیشنز آفیسر) اور ماہا جمال (لاء کلرک) شامل ہیں۔

کمیٹی نے عزم ظاہر کیا کہ نیوز لیٹر کو سپریم کورٹ کی اصلاحاتی کاوشوں اور عدالتی سنگ میلوں کا جامع اور معلوماتی ریکارڈ بنایا جائے گا۔یہ سہ ماہی نیوز لیٹر عوامی رسائی کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہوگا۔