اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے ٹریفک پولیس افسران کو عوام الناس کے ساتھ مثبت رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے ساتھ ناشائستہ رویہ قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا، تمام افسران شہریوں کے لئے مزید آسانیاں پیداکرتے ہوئے پہلے سلام پھر کلام کی پالیسی پر عمل پیرا ہوں۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق چیف ٹریفک …
چیف ٹریفک پولیس کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کی ٹریفک پولیس افسران کو عوام الناس کے ساتھ مثبت رویہ اختیار کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے ٹریفک پولیس افسران کو عوام الناس کے ساتھ مثبت رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے ساتھ ناشائستہ رویہ قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا، تمام افسران شہریوں کے لئے مزید آسانیاں پیداکرتے ہوئے پہلے سلام پھر کلام کی پالیسی پر عمل پیرا ہوں۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز میں پولیس افسران کو بریفنگ دی۔

انہوں نے تمام پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے پیشے کی عزت و وقار کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کے ساتھ انتہائی شائستگی، حسن سلوک اور خوش اخلاقی سے پیش آئیں،تمام افسران ’’پہلے سلام پھر کلام‘‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس افسران کو کسی بھی صورت میں شہریوں کے ساتھ بدتمیزی یاناشائستہ رویہ اختیار نہیں کرنا چاہئے، اسلام آباد ٹریفک پولیس کا بنیادی مقصد صرف قوانین کا نفاذ نہیں بلکہ عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنا اور ان کی مشکلات کو حل کرنا ہے،تمام افسران نہ صرف شہریوں سے قوانین کا نفاذ کرائیں بلکہ عوام میں انہیں ان قوانین کے بارے میں آگاہی بھی فراہم کریں تاکہ وہ خود ان قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے حادثات سے محفوظ رہیں ،تمام افسران رش کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ موثر ٹریفک انتظامات کے ذریعے عوام کو سفری سہولیات فراہم کریں ۔

انہوں نے نئی حکمت عملی تیار کرنے اور ٹریفک کے بہائو کو آسان بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی زور دیا۔سی ٹی او اسلام آباد نے مزید کہا کہ ہر ٹریفک پولیس افسر اسلام آباد پولیس کا نمائندہ ہوتا ہے اور اس کا رویہ اور کارکردگی پولیس کے پورے ادارے کی تصویر پیش کرتی ہے،ہمیں اپنے عمل سے اسلام آباد پولیس کا مثبت اور قابل اعتماد چہرہ عوام کے سامنے لانا ہے تاکہ لوگوں کا پولیس کے ساتھ اعتماد مزید مستحکم ہو ۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہر افسر کو اپنے رویے اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے ذریعے شہریوں کو یہ پیغام دینا چاہئے کہ پولیس ان کے لئے ہر وقت موجود ہے اور ان کی خدمت کے لئے ہمہ وقت تیار ہے ۔آخر میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہے کہ ہم کس طرح اپنے رویے، کارکردگی اور خدمات کے ذریعے عوام کے اعتماد کو حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے رویے میں تبدیلی لائیں اور ہر موقع پر اپنے کام سے بہترین مثال قائم کریں تاکہ اسلام آباد پولیس کا نام روشن ہو اور عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔








