سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کا پاکستان کے کاسٹ آڈٹ نظام میں اصلاحات پر مشاورتی اجلاس

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان میں کاسٹ آڈٹ نظام کی افادیت اور موجودہ فریم ورک کا جائزہ لینے کے مقصد سے جنوری 2025ء میں ایک کنسلٹیشن پیپر جاری کیا، اس پیپر کو مختلف شعبوں کے کلیدی سٹیک ہولڈرز سے آراء حاصل کرنے کے لیے ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر شائع کیا گیا۔ اس اقدام کے تسلسل …

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان میں کاسٹ آڈٹ نظام کی افادیت اور موجودہ فریم ورک کا جائزہ لینے کے مقصد سے جنوری 2025ء میں ایک کنسلٹیشن پیپر جاری کیا، اس پیپر کو مختلف شعبوں کے کلیدی سٹیک ہولڈرز سے آراء حاصل کرنے کے لیے ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر شائع کیا گیا۔ اس اقدام کے تسلسل میں لاہور اور کراچی میں صنعت، پیشہ ورانہ اداروں اور نگران اداروں کے نمائندوں کے ساتھ مشاورت سیشن بھی منعقد کیے گئے۔موصولہ جوابات میں وسیع تر آراء سامنے آئیں جس میں زیادہ تر شرکا نے موجودہ کاسٹ آڈٹ فریم ورک کو زیادہ تعمیلی تقاضے کے طور پر دیکھا جس کی عملی یا اقتصادی افادیت محدود ہے۔

مشاورتی عمل کے دوران موصولہ آراء کی بنیاد پر 27 اکتوبرکو ایس ای سی پی ہیڈ آفس اسلام آباد میں ایک مزید مشاورت سیشن منعقد کیا گیا جس کی صدارت ایس ای سی پی کے چیئرپرسن نے کی۔ اس سیشن میں انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹنٹس آف پاکستان ، انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکائونٹنٹس آف پاکستان ، وزارت صنعت و پیداوار ، کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان اور دیگر صنعتی سٹیک ہولڈرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکا نے کاسٹ آڈٹ کے نظام کو بین الاقوامی معیار کے ساتھ ہم آہنگ کرنے اور اسے نگرانی اور پالیسی کے مقاصد کے لیے مزید متعلقہ بنانے پر تفصیلی غور و خوض کیا۔

یہ بات متفقہ طور پر طے پائی کہ آئی سی اے پی اور آئی سی ایم اے پی مشترکہ طور پر ایک جامع جائزہ کریں گے اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد تین ہفتوں کے اندر ایس ای سی پی کو تفصیلی سفارشات پیش کریں گے۔ اس جائزے میں آڈٹ شدہ مالیاتی بیانات کے ساتھ منسلک کیے جانے والے کاسٹ اکائونٹنگ بیانات کے فارمیٹس، ان منسلکہ بیانات کے آڈٹ کا دائرہ کار اور مخصوص شعبے کے نگران اداروں کے پاس انہیں جمع کرانے کے طریقہ کار پر توجہ دی جائے گی۔ اس کا مقصد ایک متوازن اور موثر کاسٹ آڈٹ فریم ورک تیار کرنا ہے جو شفافیت اور احتساب کو یقینی بنائے، ساتھ ہی رپورٹنگ کی ضروریات کے دوہرانے سے گریز کرے اور پاکستان میں کاروبار میں آسانی کو فروغ دے۔