ٹرمپ انتظامیہ کا ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ غیر ذمہ دارانہ ، عالمی عدمِ پھیلاؤ کے نظام کو نقصان پہنچا سکتا ہے، سینیٹر جیک ریڈ

واشنگٹن ۔31اکتوبر (اے پی پی):امریکی سینیٹر جیک ریڈ نے خبردار کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کا ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ غیر ذمہ دارانہ ہوگا، یہ عالمی عدمِ پھیلاؤ کے نظام کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔ تاس کے مطابق جیک ریڈ جو ریاست رہوڈ آئی لینڈ سے ڈیموکریٹ سینیٹر ہیں، نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا، روس اور چین نے 1990 …

واشنگٹن ۔31اکتوبر (اے پی پی):امریکی سینیٹر جیک ریڈ نے خبردار کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کا ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ غیر ذمہ دارانہ ہوگا، یہ عالمی عدمِ پھیلاؤ کے نظام کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔ تاس کے مطابق جیک ریڈ جو ریاست رہوڈ آئی لینڈ سے ڈیموکریٹ سینیٹر ہیں، نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا، روس اور چین نے 1990 کی دہائی سے ایٹمی دھماکوں پر رضاکارانہ پابندی برقرار رکھی ہوئی ہے، اس معاہدے کو توڑنا ایک خطرناک قدم ہوگا جو لازمی طور پرروس اور چین کو اپنے تجرباتی پروگرام دوبارہ شروع کرنے پر مجبور کرے گا۔

سینیٹرنے کہا کہ امریکا کو ایسے تجربات سے کوئی نمایاں فائدہ حاصل نہیں ہوگا بلکہ وہ دہائیوں کی اس محنت کو ضائع کر دے گا جو ایٹمی پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کی گئی۔انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر دوبارہ ایٹمی پالیسی کے معاملے میں غلطی پر ہیں، اس بار اُنہوں نے بظاہر پینٹاگون کو ایٹمی تجربات دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے جو بنیادی غلط فہمی کو ظاہر کرتی ہے ۔یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ انہوں نے پینٹاگون کو ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔