پروفیسر احسن اقبال کا عائشہ باوانی سکول کراچی کا یادگار دورہ، بچپن کی قیمتی یادوں کا احیاء

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عائشہ باوانی سکول ان کی شخصیت کی تشکیل میں ایک بنیادی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،یہ ادارہ صرف علم نہیں بلکہ کردار سازی اور قومی خدمت کے جذبے کی آبیاری کا مرکز رہا ہے۔ایکس پر اپنے پیغام میں پروفیسر احسن اقبال نےکہا کہ عائشہ باوانی سکول، کراچی …

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عائشہ باوانی سکول ان کی شخصیت کی تشکیل میں ایک بنیادی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،یہ ادارہ صرف علم نہیں بلکہ کردار سازی اور قومی خدمت کے جذبے کی آبیاری کا مرکز رہا ہے۔ایکس پر اپنے پیغام میں پروفیسر احسن اقبال نےکہا کہ عائشہ باوانی سکول، کراچی کا دورہ ان کی زندگی کا ایک نہایت گہرا اور یادگار لمحہ تھا۔

تقریباً 60برس بعد اس تعلیمی ادارے میں واپس جانا جہاں انہوں نے پہلی سے چوتھی جماعت تک تعلیم حاصل کی، ان کے بچپن کی انمول یادوں کو تازہ کر گیا۔ انہیں وہ دن بخوبی یاد آئے جب وہ شاہراہ فیصل پر چین کے وزیراعظم چو این لائی (1966ء) کے استقبال کے موقع پر پاکستان اور چین کے جھنڈے تھامے کھڑے تھے۔ اسی طرح مصر کے مشہور و معروف قاری عبدالباسط کی تلاوت قرآن مجید سننے کے روحانی لمحات اور قومی بوائے سکائوٹس جمبوری (1967ء) میں فخر کے ساتھ شرکت کے یادگار مناظر بھی ذہن میں تازہ ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ سکول کی مانوس راہداریوں اور سیڑھیوں پر کھڑے ہو کر ایسا محسوس ہوا جیسے ان کا کم عمر خود آج بھی وہاں موجود ہے، اپنے والد کا انتظار کرتا ہوا۔ یہ وہ سادہ مگر انمول لمحات ہیں جنہیں وقت کبھی مٹا نہیں سکتا۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ یہ دورہ نہ صرف ان کی ذاتی زندگی کا جذباتی لمحہ تھا بلکہ تعلیم، تربیت اور کردار سازی کے ان بنیادی اداروں کی اہمیت کی یاد دہانی بھی ہے جو ہماری آنے والی نسلوں کی بنیاد مضبوط کرتے ہیں۔