کوئٹہ۔ 03 نومبر (اے پی پی):چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو زندگی میں کامیابی کے لیے محنت، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کو شعار بنانا ہوگا کیونکہ کامیابی کے لیے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔ حکومت باصلاحیت نوجوانوں کے ساتھ ہر سطح پر کھڑی ہے اور انہیں بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ وہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت میرٹ …
نوجوانوں کو نظم و ضبط اور محنت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے، بلوچستان کے باصلاحیت کرکٹرز کو قومی سطح پر مواقع ملیں گے، رانا مشہود احمد خان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 03 نومبر (اے پی پی):چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو زندگی میں کامیابی کے لیے محنت، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کو شعار بنانا ہوگا کیونکہ کامیابی کے لیے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔ حکومت باصلاحیت نوجوانوں کے ساتھ ہر سطح پر کھڑی ہے اور انہیں بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ وہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت میرٹ پر اگلی اسٹیج تک پہنچنے والے بلوچستان کے نوجوان کرکٹرز، طلبہ و طالبات سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل یوتھ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت تعلیم، کھیل، آئی ٹی، اسٹارٹ اپس اور دیگر شعبوں میں نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے نوجوان کرکٹرز نے ٹیلنٹ ہنٹ کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور انہیں قومی سطح پر نمائندگی کا بھرپور موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی اس پالیسی کا تسلسل ہے جس کے تحت ہر صوبے کے ٹیلنٹ کو مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ یہ ابھی آغاز ہے، مستقبل میں پاکستان کرکٹ اکیڈمی سمیت تمام شعبوں میں مکمل طور پر میرٹ کی بالادستی قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہی نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں جو اپنی محنت سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر صوبے میں تعلیم، صحت اور کھیل کے شعبوں میں بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ بلوچستان کے قابل اور ہنر مند نوجوانوں کو ملکی سطح پر اہمیت اور نمائندگی دی جائے گی۔ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ یہاں کے نوجوانوں کو متحد اور فعال کیا جائے تاکہ وہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے کے باوجود بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کے اقدامات اس بیانیے کو ناکام بنا رہے ہیں۔جب صوبے کے نوجوان آگے بڑھیں گے تو پاکستان مخالف قوتوں کے تمام منصوبے خود بخود دم توڑ جائیں گے۔ آخر میں رانا مشہود احمد خان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ محنت، ایمانداری اور نظم و ضبط کے ساتھ آگے بڑھیں، کیونکہ یہی کامیابی کی واحد کنجی ہے۔








