اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال 5 سے 9 نومبر 2025ء تک برطانیہ کا پانچ روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان پلاننگ کمیشن کے مطابق یہ دورہ برطانیہ کی ممتاز جامعات، علمی اداروں اور پاکستانی نژاد تنظیموں کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔اس دورے کا مقصد وژن "اڑان پاکستان" کے عملی نفاذ کے مرحلے کو آگے بڑھانا ہے جس …
وفاقی وزیر احسن اقبال 5 سے 9 نومبر تک برطانیہ کا پانچ روزہ سرکاری دورہ کریں گے

مزید خبریں
اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال 5 سے 9 نومبر 2025ء تک برطانیہ کا پانچ روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان پلاننگ کمیشن کے مطابق یہ دورہ برطانیہ کی ممتاز جامعات، علمی اداروں اور پاکستانی نژاد تنظیموں کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔اس دورے کا مقصد وژن "اڑان پاکستان” کے عملی نفاذ کے مرحلے کو آگے بڑھانا ہے جس میں قابل عمل شراکت داری، علمی تعاون اور انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
اس کے ذریعے عالمی علمی اداروں، کاروباری برادری، ماہرین، عوامی تنظیموں اور پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے اختراع، اصلاحات، تحقیق اور پائیدار ترقی کو فروغ دیا جائے گا۔دورے کے دوران دو مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے جائیں گے۔ پہلی مفاہمتی یادداشت کیمبرج یونیورسٹی اور قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے درمیان ہو گی جو آئندہ پانچ برسوں کے لیے تحقیقی تبادلے، ادارہ جاتی تعاون اور مشترکہ اختراعی منصوبوں کے نئے دروازے کھولے گی۔
ایک اور مفاہمتی یادداشت تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی میں اشتراک عمل کو مزید مضبوط کرے گی جو "اڑان پاکستان” کے تحت عملدرآمد کے روڈ میپ کا ایک اہم جزو ہے۔دورے کے دوران وزیر منصوبہ بندی مختلف عوامی اداروں کے ساتھ سول سروس اصلاحات کے حوالے سے معلومات کے تبادلے کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے جبکہ وہ ماہرین تعلیم، سکالرز، طلبہ اور پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ملاقاتوں میں پائیدار ترقی کے لیے عملی تعاون اور مشاورت کو فروغ دیں گے۔8 نومبر کو پروفیسر احسن اقبال آکسفورڈ یونیورسٹی میں "اڑان پاکستان کانفرنس” سے خطاب کریں گے جس کا اہتمام آکسفورڈ پاکستان سوسائٹی نے کیا ہے۔
اس موقع پر وہ نوجوانوں، ماہرین اور محققین کے ساتھ نتیجہ خیز رابطے کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے تاکہ پالیسی، علم اور اختراع کے درمیان عملی ربط پیدا کیا جا سکے۔دورے کا اختتام 9 نومبر کو ٹرینیٹی کالج، کیمبرج میں یوم اقبال کی تقریبات سے ہوگا جہاں علامہ محمد اقبال کے پیغام خودی، تخلیقیت اور عمل کو پاکستان کے مستقبل کے ترقیاتی وژن سے جوڑا جائے گا۔ یہ تقریب کیمبرج پاکستان سوسائٹی کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے۔یہ دورہ "اڑان پاکستان” کے تحت عملدرآمد، شراکت داری اور ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ہے جو اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان اب تشہیر کے مرحلے سے آگے بڑھ کر عملی تعاون، مسلسل شمولیت اور بامعنی نتائج کے دور میں داخل ہو رہا ہے۔








