استنبول ۔3نومبر (اے پی پی):ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ حماس غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر مکمل طور پر کاربند رہنے کے لیے پرعزم ہے ، یہ وقت ہے کہ مسلم ممالک فلسطینی علاقے کی تعمیر نو میں قائدانہ کردار ادا کریں۔ صدر ایردوان نے یہ بات اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تحت کمیٹی برائے اقتصادی و تجارتی تعاون(کامسیک ) کے سالانہ اجلاس …
غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے پر فوری عملدرآمد وقت کی ضرورت ، مسلم ممالک کو غزہ کی بحالی میں قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا، ترک صدر

مزید خبریں
استنبول ۔3نومبر (اے پی پی):ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ حماس غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر مکمل طور پر کاربند رہنے کے لیے پرعزم ہے ، یہ وقت ہے کہ مسلم ممالک فلسطینی علاقے کی تعمیر نو میں قائدانہ کردار ادا کریں۔ صدر ایردوان نے یہ بات اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تحت کمیٹی برائے اقتصادی و تجارتی تعاون(کامسیک ) کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حماس جنگ بندی کے معاہدے پر عملدرآمد کے لیے پُرعزم ہےتاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیلی حکومت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور تعمیر نو کے عمل میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔
ترک صدر نے کہا کہ اب سب سے پہلے ہمیں غزہ کے عوام تک مزید انسانی امداد پہنچانی چاہیے اور اس کے بعد تعمیر نو کے عمل کا آغاز کرنا چاہیے۔ ایردوان نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ترکیہ میں سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، اردن، پاکستان اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہو رہی ہے، جس میں غزہ کی تعمیر نو اور انسانی امداد کے اقدامات پر بات چیت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عرب لیگ اور او آئی سی کی جانب سے مارچ میں پیش کیے گئے غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے پر فوری عملدرآمد وقت کی ضرورت ہے۔ صدر ایردوان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کی بحالی کے لیے او آئی سی اور کامسیک کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ مسلم دنیا کو متحد ہو کر فلسطینی عوام کے زخموں پر مرہم رکھنا چاہیے اور ظلم و جارحیت کے خلاف ایک مضبوط پیغام دینا چاہیے۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ غزہ کے عوام تک انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹیں ختم کرے اور فلسطینیوں کی تعمیر نو میں فعال کردار ادا کرے۔








