آر آئی یو جے کی نجی نیوز چینلز کی انتظامیہ کی جانب سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں کی مذمت

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے)نے نجی نیوز چینل نیوز ون ٹی وی اور جی ٹی وی کی انتظامیہ کی جانب سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو آر آئی یو جے کے صدر صدر طارق علی ورک، جنرل سیکرٹری آصف بشیر چوہدری، فنانس سیکرٹری ندیم چوہدری اور مجلسِ عاملہ کے اراکین …

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے)نے نجی نیوز چینل نیوز ون ٹی وی اور جی ٹی وی کی انتظامیہ کی جانب سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو آر آئی یو جے کے صدر صدر طارق علی ورک، جنرل سیکرٹری آصف بشیر چوہدری، فنانس سیکرٹری ندیم چوہدری اور مجلسِ عاملہ کے اراکین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ چینل انتظامیہ کی جانب سے میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیاں آزادیِ صحافت، روزگار کے حق اور انسانی وقار کی خلاف ورزی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ میڈیا اداروں کی انتظامیہ مالی بحران کا بوجھ ورکرز پر نہ ڈالے۔ یہ برطرفیاں صحافی برادری میں بے چینی اور عدم تحفظ کو بڑھا رہی ہیں۔یونین کے رہنماؤں نے کہا کہ نیوز ون اور جی ٹی وی انتظامیہ فوری طور پر برطرف کئے گئے صحافیوں اور دیگر عملے کو بحال کرے اور ان کے تمام واجبات ادا کئے جائیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس میڈیا ورکرز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ان کے حقوق کے دفاع کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔