اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے ملاقات کی۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے ہائی کمشنر کا پُرتپاک استقبال کیا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ملاقات میں ہائی کمشنر طارق علی خان نے بتایا …
وفاقی وزیر علی پرویز ملک سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینےکے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے ملاقات کی۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے ہائی کمشنر کا پُرتپاک استقبال کیا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ملاقات میں ہائی کمشنر طارق علی خان نے بتایا کہ ہم پاکستان کے ساتھ تجارتی تنوع کے خواہاں ہیں، ہم ایشیا کو ایسی ممکنہ مارکیٹ کے طور پر دیکھتے ہیں جس میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا معدنیات، توانائی، قابلِ تجدید ذرائع اور زراعت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو نمایاں طور پر فروغ دے سکتے ہیں، کینیڈا کی حکومت تجارتی تنوع پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ہائی کمشنر نے بیرک گولڈ کارپوریشن کے کردار پر روشنی ڈالی جو بلوچستان میں ریکوڈک منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریکوڈک منصوبے کی کامیابی اور پاکستان بالخصوص بلوچستان کے عوام کے لئے اس کے بھرپور ثمرات کے منتظر ہیں۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے ریکوڈک منصوبے کی سٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریکوڈک وہ منصوبہ ہے جو پاکستان کے معدنیاتی شعبے کے لئے نئے معیار قائم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریکوڈک کے علاوہ ملحقہ علاقوں میں بھی متعدد منصوبے زیرِ غور ہیں جو سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کرتے ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے پاکستان کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنے کے لئے کینیڈین وفد کو پاکستان منرلز فورم 2026 میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔
انہوں نے کینیڈین کمپنیوں کے لئے مشترکہ منصوبوں خصوصاً تلاش و دریافت کے شعبے میں شراکت داری کے وسیع مواقع سے متعلق بھی آگاہ کیا۔علی پرویز ملک نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینےکے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔








