وفاقی وزیرعبدالعلیم خان کا لیاری ایکسپریس وے پر جاری کام پر عدم اطمینان کا اظہار، سندھ کے عوام کیلئے رواں مالی سال میں M6 اور M10 موٹرویز کا اعلان

کراچی۔ 03 نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے کراچی کے موجودہ انفراسٹرکچر کی صورتحال پر دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالت ہمارے ملک کے معاشی مرکز کے شایانِ شان نہیں ہے۔پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر نے اپنے دورہ کراچی کے دوران لیاری ایکسپریس وے پر جاری کام کو غیر تسلی بخش پایا، جس پر انہوں نے …

کراچی۔ 03 نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے کراچی کے موجودہ انفراسٹرکچر کی صورتحال پر دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالت ہمارے ملک کے معاشی مرکز کے شایانِ شان نہیں ہے۔پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر نے اپنے دورہ کراچی کے دوران لیاری ایکسپریس وے پر جاری کام کو غیر تسلی بخش پایا، جس پر انہوں نے ممبر ساؤتھ کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ میرا کراچی کے عوام سے وعدہ ہے کہ لیاری ایکسپریس وے کو ایک مثالی انفراسٹرکچر میں تبدیل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ایم–6 موٹروے (سکھر تا حیدرآباد) اور ایم–10 موٹروے (حیدرآباد تا کراچی پورٹ) پر ترقیاتی کام اسی مالی سال کے دوران شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دونوں منصوبے وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ کراچی کے عوام کو جلد ایک صاف ستھرا شہر اور بہترین انفراسٹرکچر میسر آئے گا، جس کے وہ حقیقی معنوں میں مستحق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان موٹرویز کی تکمیل کے بعد کراچی پورٹ پورے ملک کے ساتھ براہِ راست منسلک ہو جائے گا، جس سے تجارت، لاجسٹکس اور روابط میں نمایاں بہتری آئے گی۔