مقررہ وقت کے اندر توسیع کی درخواستیں جمع کرانے والے ٹیکس گزاروں کوفعال ٹیکس دہندگان کی فہرست سے نہیں نکالا گیا، ترجمان ایف بی آر

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈآف ریونیو(ایف بی آر) نے کہاہے کہ مقررہ وقت کے اندر توسیع کی درخواستیں جمع کرانے والے ٹیکس گزاروں کوفعال ٹیکس دہندگان کی فہرست سے نہیں نکالا گیا، سال 2025 کے لیے فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست ٹیکس سال 2024 میں کرائے گئے گوشواروں پر مبنی ہوگی اور اس میں 15 نومبر 2025 تک ٹیکس سال 2025 کے تمام نئے فائلرز بھی شامل کیے جائیں …

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈآف ریونیو(ایف بی آر) نے کہاہے کہ مقررہ وقت کے اندر توسیع کی درخواستیں جمع کرانے والے ٹیکس گزاروں کوفعال ٹیکس دہندگان کی فہرست سے نہیں نکالا گیا، سال 2025 کے لیے فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست ٹیکس سال 2024 میں کرائے گئے گوشواروں پر مبنی ہوگی اور اس میں 15 نومبر 2025 تک ٹیکس سال 2025 کے تمام نئے فائلرز بھی شامل کیے جائیں گے۔پیرکویہاں جاری وضاحتی بیان میں ترجمان ایف بی آرنے بتایاکہ ایف بی آر حکام کے نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ ٹیکس دہندگان کی ایک بڑی تعداد کو’غیر فعال‘ قرار دینے سے متعلق کچھ میڈیا پلیٹ فارمز پر گمراہ کن رپورٹ گردش کررہی ہے،ایف بی آر یہ واضح کرتا ہے کہ جن ٹیکس دہندگان نے مقررہ وقت کے اندر توسیع کی درخواست جمع کروائی ہے انہیں فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست سے نہیں نکالا گیا۔

سال 2025 کے لیے فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست ٹیکس سال 2024 میں کرائے گئے گوشواروں پر مبنی ہوگی اور اس میں 15 نومبر 2025 تک ٹیکس سال 2025 کے تمام نئے فائلرز بھی شامل کیے جائیں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ جن ٹیکس دہندگان نے سسٹم کے ذریعے توسیع کی درخواست جمع کروائی ہے انہیں چیئرمین ایف بی آر کی ہدایات کے مطابق خودکار طور پر 15 دن کی توسیع دے دی گئی ہے۔ انکم ٹیکس قواعد میں حالیہ ترامیم کے بعد گوشواروں کو دستی طور پر جمع کرانے کا سلسلہ ختم کر دیا گیا ہے۔ تاہم گزشتہ سال جن افراد نے اپنے گوشوارے دستی طور پر جمع کرائے تھے انہیں ای-فائلنگ کے لیے ایک ماہ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

ریجنل ٹیکس آفسز کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے ٹیکس دہندگان کو مکمل معاونت فراہم کریں تاکہ ای-فائلنگ کے نظام میں با آسانی منتقلی ممکن ہو سکے۔ترجمان نے بتایا کہ وہ ٹیکس دہندگان جو مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہیں کرا سکے ہیں وہ اب بھی 15 نومبر 2025 تک آن لائن سسٹم کے ذریعے متعلقہ کمشنر کو تاخیر کی معقول وجوہات بیان کرکے توسیع کی درخواست دے سکتے ہیں۔ترجمان نے مزیدکہاکہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے پرعزم ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ تمام مستند فائلرز اپنا فعال درجہ برقرار رکھیں۔ ایف بی آر شفافیت اور ٹیکس کمپلاہنس کو ڈیجیٹل سسٹمز کے ذریعے فروغ دینے کی کوششوں کو جاری رکھے گا۔