اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس شوریٰ کے سپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں ایک پارلیمانی وفد (بدھ ) 5 سے 7 نومبر 2025ء تک پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کرے گا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ایرانی پارلیمانی وفد کے دورے سے پاکستان اور ایران کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا …
سپیکر قومی اسمبلی کی خصوصی دعوت پر ایرانی مجلس شوریٰ کے سپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں پارلیمانی وفد 5 سے 7 نومبر تک پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کریگا

مزید خبریں
اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس شوریٰ کے سپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں ایک پارلیمانی وفد (بدھ ) 5 سے 7 نومبر 2025ء تک پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کرے گا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ایرانی پارلیمانی وفد کے دورے سے پاکستان اور ایران کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا اور دونوں برادر ہمسایہ ممالک کے مابین خطے میں امن، ترقی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم ہوگا۔
دورے کے دوران ایرانی پارلیمانی وفد وزیراعظم پاکستان، چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی میں قائم پاک-ایران پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے اراکین، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔ایرانی وفد پاکستان-ایران پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے اجلاس میں شرکت کرے گا جہاں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی، سرحدی تعاون، ثقافتی روابط اور عوامی سطح پر تبادلوں کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ایرانی سپیکر کا یہ دورہ نہ صرف پاکستان اور ایران کے تاریخی و برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا باعث بنے گا بلکہ دونوں ممالک کے مابین خطے کے استحکام، باہمی اعتماد اور مشترکہ ترقی کے نئے امکانات کے حوالے سے ایک مثبت پیش رفت بھی ثابت ہوگا۔ اس دورے سے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان موثر رابطوں اور باہمی مشاورت کے فروغ کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔
ایرانی پارلیمانی وفد پاکستان میں اپنے قیام کے دوران لاہور اور کراچی کا بھی دورہ کرے گا۔لاہور میں وفد علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دے گا اور صوبائی اسمبلی پنجاب کے سپیکر سے ملاقات کرے گا۔ بعد ازاں ایرانی پارلیمانی وفد کراچی کا دورہ کرے گا۔کراچی میں دورے کے دوران ایرانی پارلیمانی وفد قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دے گا، سپیکر صوبائی اسمبلی سندھ اور کراچی کی بزنس کیمونٹی سے ملاقاتیں کرے گا۔








