قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبا کا ادارہ فروغِ قومی زبان اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ پاکستان اسٹڈی کے طلبا نے پروفیسر منصور ویسریو کی قیادت میں ادارہ فروغِ قومی زبان اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغِ قومی زبان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر راشد حمید اور ڈاکٹر عارف حسین نے طلبا سے ملاقات کی۔ پروفیسرڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان …

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ پاکستان اسٹڈی کے طلبا نے پروفیسر منصور ویسریو کی قیادت میں ادارہ فروغِ قومی زبان اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغِ قومی زبان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر راشد حمید اور ڈاکٹر عارف حسین نے طلبا سے ملاقات کی۔

پروفیسرڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے گذشتہ 78 برسوں میں ہر شعبہ زندگی خصوصاً تعلیم کے میدان میں نمایاں ترقی کی ہے اور اس ترقی میں نوجوان طلبا کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے جو محنت اور دیانت سے کام کرتے ہیں ان کا مقام ہمیشہ بلند رہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دور معلوماتی ٹیکنالوجی کا ہے، لہٰذا طلبا کو چاہیے کہ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ علوم پر عبور حاصل کریں تاکہ وہ ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ ڈاکٹر محمدسلیم مظہر نے طلبا کو نصیحت کی کہ وہ اپنے والدین کی محنت اور قربانیوں کا احترام کریں جن کی بدولت وہ آج اس مقام تک پہنچے ہیں۔

طلبا کو ادارہ فروغِ قومی زبان کی لائبریری اور مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا گیا۔ طلبا نے ادارے کے علمی و تحقیقی کاموں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ آخر میں یادگاری گروپ فوٹو لیا گیا اور طلبا کی چائے سے تواضع کی گئی۔